غازی ملت کے ادھورے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد جاری رہے گی،کشمیری قیادت

غازی ملت کے ادھورے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد جاری رہے گی،کشمیری قیادت

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)جموں کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام نیشنل خورشید لائبریری مظفر آباد میں غازی ملت سردار ابراہیم خان (مرحوم) کی 21 ویں برسی کے موقع پر تقریب کے انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک، وزیر سمال انڈسٹریز پروفیسر تقدیس گیلانی، سابق وزیر حکومت محترمہ نورین عارف، سیکرٹری پاپولیشن و ویلفیئر عطا اللہ عطا، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل وجاہت رشید بیگ، ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف خان، ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات محمد بشیر مرزا، میڈ یا کوآرڈینیٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل سردار علی شان، رہنما مسلم کانفرنس سمیعہ ساجد، رہنما مسلم لیگ (ن) سائرہ چشتی، رہنما جموں وکشمیر پیپلز پارٹی سید آصف گیلانی، تاجر رہنما عبدالرزاق خان، سیکرٹری اطلاعات سینٹرل بار مظفرآباد سردار رمضان، سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری آزادکشمیر ڈاکٹر راجہ عارف، صدر پنشنر ایسوسی ایشن راجہ ممتاز خان سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی جبکہ تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض نعمان عباسی نے سرانجام دئیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہائیر ایجوکیشن آزادکشمیر ظفر اقبال ملک نے کہاکہ 31 جولائی غازی ملت سردار ابراہیم خان نمائندہ مسلم رہنما تھے۔ تکمیل پاکستان کی بنیاد غازی ملت نے رکھی تھی۔ اسلاف کی قربانیوں کو یادرکھنا ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ ہم غازی ملت کے رہنما اصولوں کو اپنا کر منزل کی تکمیل کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکیں گے۔ قوم اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھے۔ نوجوان نسل کی غازی ملت کے رہنما اصولوں کے مطابق تربیت کرنا ہوگی۔ نوجوان نظریہ الحاق پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کی بنیاد کو سمجھیں۔ ہماری منزل پاکستان ہے اور اس ضمن میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سمال انڈسٹریز پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہاکہ غازی ملت سردار ابراہیم خان (مرحوم) عہد ساز شخصیت تھے۔ انھوں نے سیاست کے رہنما اصول واضع کیے۔ برداشت، تحمل کے ساتھ مسلسل جدوجہد کو زندگی کا شعائر بنایا۔ انھوں نے کہاکہ مظفر آباد کو دارالحکومت بنانا، الحاق پاکستان کی قرارداد کو پاس کروانا اور آزادکشمیر کی حکومت کی بنیاد جدوجہد آزادی مقبوضہ جموں و کشمیر پر رکھنا غازی ملت اور بانی آزادکشمیر سردار ابراہیم خان کے کارہائے نمایاں ہیں۔ ان کی مسلسل جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل کو غازی ملت کے افکار سے آشنا ہونا ہوگا۔ تقریب سے خطاب سابق وزیر حکومت محترمہ نورین عارف نے کہاکہ غازی ملت سردار ابراہیم خان (مرحوم) کی زندگی مسلسل جدوجہد سے عبارت ہے۔ غازی ملت نے آزادکشمیر کو بہترین حکومتی نظام دیا اور خطہ میں آزادکشمیر کے لیے ترقی کی راہیں کھولنے میں عملی کردار ادا کیا۔ غازی ملت مدبر سیاست دان تھے ان کے ساتھ درینہ وابستگی تھے۔ میرے والد محترم اور غازی ملت نے اکھٹے جدوجہد کی۔ والد مرحوم ہمیشہ غازی ملت کے کارہائے نمایاں کو بھرپور انداز میں سراہا کرتے تھے۔ انھوں نے کہاکہ ہمیں اپنی نئی نسل کو اسلاف کے مثالی کارناموں سے روشناس کروانا ہوگا۔سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل وجاہت رشید بیگ نے اپنے خطاب میں کہاکہ لبریشن سیل اسلاف کے کارہائے نمایاں کو اجاگر کرنے کے لیے عملی سطح پر برسرپیکار ہے۔ غازی ملت کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ انھوں نے کشمیری قوم کو نظریہ الحاق پاکستان سے روشناس کروایا۔ ان کی جدوجہد کا محور و مسکن کشمیریوں کو منزل کی جانب راغب کرنا تھا۔ انھوں نے کشمیری قوم کو ایک مشن دیا۔ عہد ساز شخصیت کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف نے غازی ملت سردار ابراہیم خان (مرحوم) کی زندگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ غازی ملت تاریخ کشمیر کا اہم باب ہیں۔ ایک بلند ذوق، مسلسل جدوجہد کے قائل رہنما تھے تحریک آزادی اور بلخصوص ڈوگرہ سامراج کے خلاف غازی ملت کی انقلابی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے غازی ملت کے کارہائے نمایاں کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا کوآرڈینیٹر سردار علی شان نے کہاکہ میں حقائق سے آگاہی حاصل کرنا ہوگا۔ غازی ملت کی جدوجہد منفرد تھی۔ عظیم قائد کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ غازی ملت کے ساتھ پروفیشنل لائف میں ملنے کا موقع ملا، دوران صحافت ان سے انٹریوز لینے کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔ انھوں نے کہاکہ حقیقت یہی ہے کہ ہمارے اسلاف نے زندگی فقط ہمارے خوشحال مستقبل کے لیے سرف کردی۔ ہمیں ان کی قربانیوں کا ادراک کرتے ہوئے ہر فورم پر بھرپور چرچا کرنا چاہیے۔ غازی ملت کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر قوم کی نمائندگی اٹل رہی۔ انھوں نے کشمیری قوم کے بیانیہ کو ہر فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ بیس کیمپ کی حکومت کے قیام کا سہرا انھی کے سر جاتا ہے۔ غازی ملت کی زبردست کاوشوں کو ہمیشہ یادر کھا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ یونیورسٹیز اور کالجز میں تحریک آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے اسلاف کے حقیقی کردار کو اجاگر کرنے کے لیے سیمینارز اور تقریبات کا انعقادہونا چاہیے تاں کہ نوجوان نسل ہمارے بزرگوں کے افکار سے روشناس ہوسکے۔ تقریب سے سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر راجہ محمد عارف، صدر پنشنر ایسوسی ایشن راجہ ممتاز، وائس چیر مین شباب ملی پارٹی،سیکرٹری اطلاعات سینٹرل بار مظفرآباد سردار رمضان،رہنما جموں وکشمیر پیپلز پارٹی سید آصف گیلانی، تاجر رہنما عبدالرزاق خان، رہنما مسلم کانفرنس سمیعہ ساجد اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور غازی ملت کی تحریک آزادی کشمیر اور ڈوگرہ سامراج کے خلاف مسلسل اور زبردست جدوجہد کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ غاز ی ملت سردار ابراہیم کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ غازی ملت نے تحریک آزادی کشمیر کو موثر انداز میں جاری رکھنے کے لیے آزاد حکومت کا نظام متعارف کروایا اور بیس کیمپ کی حکومت کو ذمہ داری سونپی کہ وہ جدوجہد آزادی کشمیر کو ترجیح اول رکھیں۔

تحریک آزادی کشمیرجدوجہد جاریغازی ملت سردار ابراہیم خان (مرحوم) کی 21 ویں برسیغازی ملت کے ادھورے مشن کی تکمیلکشمیری قیادت