کشمیری عوام کا عزم بہت بلند ہے،قتل عام ان کے پایہ استقلال میں لغزش نہیں لا سکتا،پیر محمد مظہر سعید
مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر کی تاریخ میں 5 اگست سیاہ دن ہے
جب 2019 میں ہندوستان نے مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی منشاء کے برخلاف جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت 370 اور 35 اے کو ختم کر کے جموں و کشمیر کی ڈیمو گرافی، تاریخ کلچر اور بالخصوص تحریک آزادی کشمیر کو ختم کرنے کی مذموم کوشش کی۔
اس مکروہ اقدام کے بعد ہندوستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے ہندوستان کے سابق فوجیوں اور ہندو انتہاء پسندوں کو ڈومیسائل دینے کا سلسلہ شروع کیا تاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا سکے۔
یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ
پانچ اگست 2019 کے اقدام کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر میں جو مظالم ڈھائے گئے ان کی انسانی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
ہندوستان نے مسئلہ کشمیر کو نقصان پہنچانے کیلئےجو اقدامات کئے اس سے اقوام متحدہ میں موجود مسئلہ کشمیر کی حیثیت کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔
پانچ اگست 2019 کے غیر آئینی غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات مسئلہ کشمیر کی حیثیت اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کہ قراردادوں کو تبدیل نہیں کر سکتے نہ ہی ایسے مکروہ اقدامات سے کشمیری عوام کا عزم کمزور ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا عزم بہت بلند ہے،قتل عام، قید و بند کی صعوبتیں اور لاک ڈاون اور جبری گمشد گیاں ان کے پائیہ استقلال میں لغزش نہیں لا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی مسئلہ کشمیر کو حل کیا جاسکتا ہے۔یہ اقوام متحدہ کی قراردادیں ہی ہیں جو کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دیتی ہیں۔
انہوں نےکہا کہ ہندوستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے برعکس جموں وکشمیر کی مسلمہ حیثیت کو نقصان پہنچانے کیلیے جو یکطرفہ اقدامات کئے ہیں وہ تمام بین الاقوامی قوانین کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزی ہے۔
اقوام متحدہ، مہذب ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق خودارادیت دلوانے اور مقبوضہ کشمیر سے انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا کو خراج عقیدت اور کشمیری عوام کے عزم و ہمت و سلام پیش کرتا ہوں۔
تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پوری پاکستانی قوم،آزادکشمیرکے عوام اور بیرون ملک مقیم کشمیری اپنے کشمیری بھائیوں کی پشت پر ہیں
اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھارت کے چنگل سے آزادی حاصل کریں گے۔ انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی نوشتہ دیوار ہے۔