جنگی جرائم، مشاورت کے بعد بھارت کیخلاف عالمی عدالت جاسکتے ہیں،چوہدری یٰسین
اسلام آباد ( وقائع نگار )صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری
محمد یٰسین نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف کے
فیصلہ کے بعد قومی قیادت اور آزاد کشمیر کی قیادت سے مشاورت کے
بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم اور حریت قیادت کے عدالتی
قتل کے ساتھ بھارت کی جیلوں میں غیر قانونی پابند سلاسل کرنے اور
بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیرنے کے خلاف عالمی عدالت انصاف
سے رجوع کر سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے
پیپلز لائرز فورم اور بین الاقوامی امور کے ماہر قانون دانوں کی خدمات
حاصل کی جائیں گی انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں
خواتین سے زیادتی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے اور
اجتماعی قبروں کی دریافت بھی بھارت کے خلاف بڑے ثبوت ہیں انہوں نے
کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کی رپورٹس بھی شامل کی جائیں
گی انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے نام نہاد انتخابات رائے شماری
کا نعم البدل نہیں ہو سکتے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں
کے مطابق رائے شماری ہی مسلہ کشمیر کا واحد حل ہے انہوں نے کہا
کہ ہمارے قائد چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے
پہلے ہی جلسہ میں رائے شماری کا نعرہ لگا کر بتا دیا تھا کہ پاکستان
پیپلز پارٹی مسلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے دو ٹوک موقف پر قائم ہے
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور جنگی
جرائم عالمی عدالت انصاف میں لے جانے سے مسئلہ کشمیر بین
الاقوامی سطح پر اجاگر ہو گا جس کے حوالے سے سلامتی کونسل کی
قراردادیں موجود ہے جو دنیا کا سب سے دیرینہ حل طلب مسلہ ہے اور دو
ایٹمی قوتوں کے درمیان یہ تنازعہ ایٹمی جنگ کا بھی باعث بن سکتا ہے
پھر دنیا کا امن تباہ ہو سکتا ہے اس لیے بین الاقوامی برادری بھارت پر دباؤ
ڈال کر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے