گورنمنٹ گرلزڈگری کالج آٹھمقام میں مقابلہ’’ناظرہ قران و فہم قران‘‘ کی تقریب
نیلم(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مولاناپیر محمد مظہر سعید شاہ نے کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام قران ایجوکیشن ماڈل پروگرام آزاد کشمیر کے تحت گورنمنٹ گرلزڈگری کالج آٹھمقام میں منعقدہ مقابلہ ’’ناظرہ قران و فہم قران‘‘ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مولانا پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں،۔ انہوں نے کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے قرآن ایجوکیشن ماڈل پروگرام کو مستحسن قرار دیتے ہوئے کہا کہ میںقران کی درس و تدریس کودنیا کی سب سے بڑی سعادت سمجھتا ہوں۔ قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر عربوں اور ترکون نے دنیا پر حکومت کی، لیکن عصبیت اور برادری ازم کی لعنت نے انہیں دوبارہ پستی کی طرف دھکیل دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی نسل نو کو قرآن کی تعلیم دے کر انہیں اپنی کھوئی ہوئی پہچان واپس دلانی ہو گی۔ قران کو پڑھنا ، سمجھنا اور اس پر عمل پیرا ہو کر اسکی روزنی سے دنیا کو منو کرنا ہو گا۔ وزیر اطلاعات آزاد کشمیر پیر مظہر سعید شاہ نے مقابلہ ’’ناظرہ قران و فہم قران‘‘ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو شیلڈ دی۔ تقریب کے آخرمیں زیر اطلاعات آزاد کشمیر پیر مظہر سعید شاہ کوریجنل کوارڈینیٹر آزاد کشمیر احمد نذیر، سینئر ایگزیکٹو آفیسر کریکٹر فاؤنڈیشن آزاد کشمیر سید مرتضی بخاری نے اعزازی شیلڈ پیش کی۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ ذاکر، ڈپٹی ڈی ای او محترمہ زاہدہ اشرف، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشا انجم و دیگر بھی موجود تھے۔ اس سے پہلے ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں کے طلبہ نے مقابلہ ’’ناظرہ قرآن و فہم قرآن‘‘ میں حصہ لیا۔ وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مولانا محمدپیر مظہر سعید شاہ کا نیلم کے دورے کے دوران مختلف مقامات پر شاندار استقبال کیا گیا۔ دودھنیال صہبائی کے مقام پر پرتپاک استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ہار ڈالے گئے۔ دورے کے دوران ان کے ہمراہ پبلک ریلیشن آفیسران سردار نوشاد، مفتی عبید الرحمن اور پی ایس راجہ وقاص بھی موجود رہے۔