آزاد کشمیر ٹی وی کے سٹوڈیو میں آتشزدگی، کروڑوں کی مشینری خاکستر

آزاد کشمیر ٹی وی کے سٹوڈیو میں آتشزدگی، کروڑوں کی مشینری خاکستر

مظفرآباد(وقائع نگار) شارٹ سرکٹ یا کچھ اور گزشتہ ایک عرصہ سے تنازعات کی زد میں رہنے والا آزاد جموں کشمیر ٹیلی ویژن سینٹر کے سٹوڈیو میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی مشنری جل کر خاکستر۔ اے جے کے ٹی وی کے جنرل منیجر سمیت کوئی بھی قابل ذکر سینیئر آفیسر موقع پر موجود نہیں تھا۔ چوکیداروں اور چھوٹے عملے نے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کیں۔آگ کے شعلے جب آسمان سے باتیں کرنے لگے تو شہریوں نے فائر برگیڈ و دیگر امدادی اداروں کی توجہ مبذول کروائی۔ ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو،فائر برگیڈ و دیگر عملہ فوراً موقع پر پہنچ گیا۔ اس وقت تک قرب و جوار کے شہریوں، تاجروں نے آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کی مگر آگ نے پلک چھپکتے ہی سب کچھ جلا کر خاکستر کر دیا۔ شدید بارش کے باوجود خطرناک اور شدید آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہو سکیں۔ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو اور فائر برگیڈ کے عملہ نے جان پر کھیل کر قرب و جوار کی عمارات سمیت قریبی گھروں جن میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے گھر اور ریڈیو آزاد کشمیر کو بچا لیا۔ سیاسی سماجی مذہبی تجارتی عوامی حلقوں کے اکابرین اور سول سوسائٹی نے آزاد جموں و کشمیر ٹیلی ویژن کے اسٹوڈیو میں اچانک آگ بھڑکنے کے واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر ٹیلی ویژن کے کروڑوں روپے کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر آزاد جموں و کشمیر ٹیلی ویژن کو اپنے دائرہ اختیار میں لیتے ہوئے اس کا انتظام و انصرام سنبھالے تا کہ تحریک آزادی کشمیر کو بہتر طور پر اجاگر کرنے سمیت باہر سے آنے والے جی ایم و دیگر کی اجارہ داری کو ختم کیا جا سکے اور ریاستی ذہانت قابلیت کو مواقع حاصل ہوں اور وہ اپنی قابلیت کا لوہا منوا سکیں۔

آزاد کشمیر ٹی وی کے سٹوڈیو میں آتشزدگیکروڑوں کی مشینری خاکستر