پنجاب کالج کے زیر اہتمام تقریب،ملکی سالمیت کیلئے پاک فوج ہمہ وقت تیار ہے،مزمل حسین
راولپنڈی (کشمیر ایکسپریس نیوز) پنجاب کالج کے زیر اہتمام یوم دفاع کی مناسبت سے راولپنڈی آرٹس کونسل میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے شرکاء نے 1965 کے شہداء اور غازیوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔واپڈا کے سابق چیئرمین لفٹیننٹ جنرل مزمل حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ قومی خودمختاری، ملکی سالمیت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک فوج ہمہ وقت تیار ہیں۔ 6ستمبر 1965 رات کے اندھیرے میں حملہ کرنے والے بزدل دشمن کو پاک فوج نے دندان شکن جواب دے کر جرات و جوانمردی کی ایک ناقابل فراموش داستانِ رقم کی۔انہوں نے کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ یوم دفاع کے سلسلے میں پنجاب کالج کی اس تقریب کا انعقاد شہدائے وطن سے محبت کا عکاس ہے۔ پنجاب کالج ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ قومی تقاضوں کو بھی احسن طریقے سے نبھا رہا ہے جو لائقِ ستائش ہے۔ پاک فضائیہ کے ائیر کموڈور آفتاب قریشی نے کہا کہ 1965 کی جنگ پاک فوج کے عزم وہمت اور عوام کے صبر و استقامت کا عملی اظہار تھا۔ ہماری عسکری طاقت نے یہ ثابت کیا کہ وہ ناقابلِ تسخیر ہیں۔انہوں نے تعلیم کے شعبے میں پنجاب کالج کی کاوشوں کی تعریف کی۔پنجاب کالج کے ڈائریکٹر ،ممتاز ماہر تعلیم چوہدری محمد اکرم نے یوم دفاع کی تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا شہداء کو یاد رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ تقریب میں کالجز کے طلبا نے یوم دفاع کی مناسبت سے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔ تقریب میں بریگیڈئیر افتخار، بریگیڈیئر سلیم نواز، بریگیڈیئر شاہد اور پنجاب کالج برائے خواتین کی پرنسپل حرا چوہان سمیت دیگر نامور شخصیات نے شرکت کی۔