وزیر اعظم بیروزگاری کے خاتمے کے لئے بجٹ میں بڑا اعلان کریں گے ،وزیر اطلاعات
اسلام آباد (وقائع نگار )آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی ترجیح اول ہیں جن کی بہتری کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے ۔بیروزگاری کے خاتمے کیلئے وزیراعظم اگلے بجٹ میں ایک بڑا اعلان کریں گے جس سے بیروزگاری کم کرنے میں مدد ملے گی۔ دفاع وطن ترجیح اول ہے ہمیں اپنے دفاع سے بالکل غافل نہیں رہنا ہے ۔جنگلات کو بچانے کیلئے بڑے پیمانے پر شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوے کیا ۔پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ بیروزگاری بڑھتی جا رہی ہے ،خوش قسمتی سے ہمارے پاس نوجوانوں کی اکثریت ہے جنہیں درست سمت میں رہنمائی فراہم کی جانی چاہیے ،سب کو سرکاری نوکری فراہم نہیں کی جا سکتی اس حوالے سے ہمیں فنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی تاکہ پروفیشنلز کو ترقی دیکر قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں وزیراعظم اس حوالے سے اپنے نوجوانوں کو خوشخبری دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیری ہمارا اثاثہ ہیں انہیں آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کیلیے راغب کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیری ہمارے سفیر ہیں وہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے سلسلے میں بھی اہم کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں کے ساتھ لیزان قائم کیا جائے گا تاکہ حکومت کی کارکردگی کو عوام کے سامنے لایا جا سکے ،حکومت عوام کو پہلے بھی بجلی اور آٹے کی مد میں سبسڈی دے رہی تھی ،وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے خزانے کی اسٹینڈنگ کمیٹی میں بجلی کے مسئلے پر شاندار کنونسنگ کی اور وفاقی اداروں کو اس مسئلے کی حساسیت سے آگاہ کیا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مشکور ہیں جنہوں نے ریاست کے عوام کیلیے 23 ارب روپے کا ریلیف پیکج دیا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری 75 سال سے دفاع پاکستان اور تکمیل پاکستان کیلیے سرگرم عمل ہیں ،دفاع ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہیے ،اسرائیلی وزیراعظم گولڈا مئیر نے کہا تھا دفاع پہلے باقی سب بعد میں چونکہ ہمیں بھارت جیسے مکار دشمن کا آنا ہے اس لئے دفاعی شعبے میں کسی قسم کی کمزوری نہیں دکھائی جا سکتی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو بہتر بنایا جا ہے گا ،صحت اور تعلیم وزیراعظم کی ترجیح اول ہیں گزشتہ بجٹ میں بھی ان شعبوں میں اضافہ کیا گیا تھا آئندہ بجٹ میں بھی ان میں اصافہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس قائم کی جائے گی ،جب چیئرمین معائنہ کمیشن تھا تو کئی ہسپتالوں کے دورے کئے وزیراعظم نے میری تجویز پر کئی ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کے ایم ایس بلائے اور انہیں علاج معالجے کی سہولتیں بہتر کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ نیلم ویلی ،جہلم ویلی اور حویلی جنگلات کے حوالے سے انتہائی اہم علاقے ہیں جنگلات کی وجہ سے ان علاقوں میں سیاحت کو بھی فروغ دیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں ،وزیراعظم کی اس سلسلے میں سخت ہدایات ہیں کہ جنگلات کے کٹاؤ کو روکا جائے اس کے ساتھ ساتھ ہم درخت لگانے کی ترغیب دیں گے اس حوالے سے میں نے 2022 میں اسمبلی فلور پر جنگلات کے تحفظ کیلیے تجاویز رکھیں ،بقائے شجر بقائے بشر ہے،مقامی لوگوں کے بالن کے علاؤہ جنگل کاٹنے پر مکمل پابندی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ درخت لگانے کے حوالے سے طلباء میں شعور اجاگر کیا جائے گا میری تجویز ہے کہ سکول و کالج کی سطح پر درخت لگانے کے مقابلے منعقد کئے جائیں بلکہ زیادہ درخت لگانے والے طلباء کو اضافی نمبر دئیے جائیں اس کے ساتھ ساتھ منبر ومحراب سے درخت بچاو مہم شروع کی جائے اور علماء کرام جمعتہ المبارک کے خطبوں میں جنگلات کے تحفظ پر بات کریں تاکہ عوام اسکی حساسیت سے آگاہ ہوں انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے کو ترقی دیکر ہم خودکفالت کی منزل حاصل کر سکتے ہیں گلگت بلتستان کی طرز پر پھلدار پودوں کے باغات لگانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم کئے جس سے بھارت کی صفوں میں صف ماتم بچھ گئی بھارت کشمیر اور پاکستان کے تعلق کو کمزور کرنا چاہتا تھا جس میں اسے ناکامی ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستان کا تعلق لا الہ الااللہ کا ہے یہ روح کا تعلق ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی ۔انہوں نے کہا کہ سرینگر کی جامع مسجد کئی سال سے بند ہے اور بھارت نے کشمیری مسلمانوں کو مذہبی فریضے سے جبرا روک رکھا ہے انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہو گا اور پوری ریاست جموں و کشمیر کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہو گا