وزیراعظم کا دورہ چین،وفاقی وزیرعبدالعلیم اورجام کمال کے چینی کمپنیوں سے معاہدے
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر اعظم پاکستان کے رواں دورہ چین
کے دوران دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے مابین کاروباری سرگرمیوں
کے فروغ اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرکایہ کاری کے امکانات
کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری عبدالعلیم
خان اور وزیر کامرس جام کمال خان نے چین کے اہم کاروباری اداروں کے
سی ای اوز سے ملاقاتیں کیں اور چینی کمپنیوں سے دو طرفہ معاہدوں
اور ایم او یوز پر دستخط ہوئے جن میں پاکستان کی کامرس کی وزارت،
بورڈ آف انویسٹمنٹ اور نیشنل فوڈ سکیورٹی کی بزنس ٹو بزنس
سرگرمیاں شامل ہیں۔ وفاقی وزراء نے چین کے چنگ ڈاؤ اور ژنگ جیانگ
کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں جن سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر
سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اس
پاک چائنہ بزنس فورم میں 500چینی اور 100پاکستانی کمپنیوں نے
شرکت کی، 32ایم او یوز پر دستخط ہوئے جبکہ چین اور پاکستان دونوں
کی بزنس کمیونٹی باہم منسلک ہو گئی۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ
پاکستان میں سرمایہ کاری سے چین کو بھی دیگر ممالک کو ڈائریکٹر
ایکسپورٹ کا موقع ملے گا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان
میں کاروباری سرگرمیوں کیلئے چینی کمپنیوں کی مکمل حوصلہ افزائی
کریں گے جہاں نجی شعبے کو مکمل فری ہینڈ دیا جائے گا تاکہ توانائی،
انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، فارمنگ، انجینئرنگ کنسٹرکشن اور لاجسٹک کے
شعبوں میں سرمایہ کاری ہو سکے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا
کہ دورہ چین میں پاکستان کی طرف سے معروف کاروباری شخصیات کی
شرکت حوصلہ افزا ہے اور مستقبل قریب میں پاکستان کے لئے ہوٹلنگ،
ٹور ازم،کلچر، سپورٹس گڈز، ٹیکسٹائل، ڈیکوریشن انڈسٹری اور ائیر پورٹ
ڈیزائننگ کے لئے بھی سرمایہ کاری کی پیشکش کی جائے گی۔ انہوں
نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ قدرتی وسائل سے مالا مال
پاکستان میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں اور آج بھی مناسب ماحول
کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا جا سکتا ہے
جس سے معیشت کا پہیہ بھی چلے گا اور نوجوانوں کو روزگار بھی فراہم
ہوگا۔ وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور جام کمال خان نے چین کے اہم
کاروباری گروپس سے مشاورتی اجلاس منعقد کیا جس میں دو طرفہ
تجاویز پر غور و خوض کیا گیا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان اور وزیر
کامرس جام کمال خان نے چین کے دورے کے پہلے روز دونوں ممالک کے
مابین سرمایہ کاری اور تجارتی امور کے حوالے سے مصروف ترین دن گزارا،
مختلف چینی کمپنیوں سے دو طرفہ معاہدے اور مذاکرات کیے جبکہ دونوں
وزراء نے پاکستانی کاروباری برادری کے ہمراہ چین کے اہم کاروباری
گروپس سے مشاورتی اجلاس بھی منعقد کیے جن میں مختلف شعبوں
میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے۔