27اکتوبر،جموں و کشمیر لبریشن سیل کا احتجاجی ریلی کا فیصلہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر مبنی خصوصی ڈاکیومنٹریز بھی دکھائی جائیں گی
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)27اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیرچوہدری انوار الحق کی خصوصی ہدایت پر جموں و کشمیر لبریشن سیل نے بھارتی مظالم د نیا کے سامنے لانے اور عالمی برادری کو بھارت کا اصل چہرہ دکھانے کے لئے خصوصی پروگرامات ترتیب دئیے ہیں
اس سلسلہ میں 27اکتوبر کو جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام مظفرآباد میں ایک بڑی احتجاجی ریلی /جلسہ کا انعقاد کیاجائے گا۔ریلی میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان،آل پارٹیز حریت کانفرنس کے راہنماؤں سمیت وزراء حکومت طلباء،سیاسی سماجی،مذہبی و تجارتی تنظیموں کے نمائندگا ن،خواتین، طلباء صحافیوں،وکلاء اور سول سوسائٹی کثیر تعداد میں شریک ہو گی جبکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر مبنی خصوصی ڈاکیومنٹریز بھی دکھائی جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل مرزا وجاہت رشید بیگ نے کشمیر سنٹر راولپنڈی میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر راجہ خان افسر خان، سردار ساجد محمود، سردار نجیب الغفور خان، راجہ راشد رضا اور فرحان قیوم عباسی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ وجاہت رشید بیگ نے کہا کہ اسلام آباد میں جموں و کشمیر لبریشن سیل کشمیر سنٹر راولپنڈی اورآ ل پارٹیزحریت کانفرنس کے زیر اہتما م احتجاجی ریلی ہوگی
26اکتوبر کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد(کشمیر کمیٹی) کے اشتراک سے گول میز کانفرنس کا انعقادبھی کیا جائے گا جس میں وفاقی وزراء، حریت قائدین، سینئر میڈیاپرسنز کے علاوہ یونیورسٹیزسٹوڈنٹس شریک ہوں گے جبکہ27اکتوبر یوم سیاہ کی مناسبت سے دستخطی مہم کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام راولاکوٹ،لاہور،کراچی،میرپور اور آزاد کشمیر کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں ہوں گی۔کشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیر اہتمام مزاحمتی مشاعرے کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
سیکرٹری لبریشن سیل کہا کہ آزادکشمیر اور پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔اور وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انتخابات کو تسلیم نہیں کرتے یہ حق خودارادیت کانعم البدل نہیں۔
وجاہت رشید بیگ نے کہا کہ عالمی برادری کے وعدوں اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کئی قراردادوں کے باوجود بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت کی فضاقائم کر رکھی ہے۔
ہر سال کشمیری عوام 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منا کر دنیا کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہیں کہ آج کے دن بھارتی فوج مقبوضہ جموں وکشمیر میں داخل ہوئی اور کشمیریوں کی امنگوں اور برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وہاں اپنا تسلط قائم کیا۔