پاکستان کیساتھ کشمیریوں کی محبت دائمی ہے، عبدالقیوم نیازی

پاکستان کیساتھ کشمیریوں کی محبت دائمی ہے، عبدالقیوم نیازی صدر تحریک انصاف آزادکشمیر و سابق وزیر اعظم

 

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) صدر تحریک انصاف آزادکشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام 77 واں یوم تاسیس جوش و خروش اور اس عزم کے ساتھ منائیں کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور الحاق پاکستان تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی ۔

یوم تاسیس پر اپنے خصوصی بیان میں سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا کہ ہمارے آبا واجداد نے مہاراجہ کے خلاف بھرپور مہم چلائی اور سبز ہلالی پرچم کی محبت میں باہر نکلے اور مہاراجہ کے اقتدار کو اٹھا کر باہر پھینک دیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن اس عزم کا اظہار ہے کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے اور بھارتی فوج کے جابرانہ قبضے کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی محبت دائمی ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی ۔

انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اپنے گھروں اور کاروباری مراکز پر پاکستانی اور آزادکشمیر کا جھنڈا لگائیں کیونکہ سبز ہلالی پرچم کشمیری عوام کی محبت کا امین ہے.

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اس پرچم کیلیے لاکھوں شہداء کی قربانیاں دی ہیں اور ہزاروں پابند سلاسل ہیں،بھارت نے 5 اگست کر کے بھی دیکھ لیا مگر وہ کشمیریوں کے دلوں سے  محبت ختم نہیں کر سکا ،ہمارے اکابرین نے قیام پاکستان سے بھی قبل الحاق پاکستان کی۔قراداد منظور کی تھی جس نے کشمیریوں کی سمت کا تعین کر دیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اس موقع پر اپنے محسن عمران خان کو نہیں بھولیں گے جنہوں نے وزیراعظم پاکستان کے طور پر اقوام متحدہ میں خم ٹھوک کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے محسن کی رہائی کیلیے بھی دعاگو ہیں۔

 

خواجہ فاروق کی راولپنڈی پولیس کے ہاتھوں گرفتاری قابل مذمت

پاکستان کیساتھ کشمیریوں کی محبت دائمی ہےعبدالقیوم نیازیکشمیری عواممحسن عمران خانمحسن کی رہائییوم تاسیس