بشیرجعفری کی سالانہ برسی اوراُنکی بیوہ کی رسم چہلم کی تقریب
راولپنڈی (کشمیر ایکسپریس نیوز)ممتاز کشمیری دانشور، تحریک آزادی کشمیر کے رہنما اور جنگ آزادی کشمیر کے کمسن مجاہد پروفیسر سید بشیر حسین جعفری کی سالانہ برسی اور اُن کی اہلیہ کے چہلم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے سابق صدر و وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان، سابق وزیر حکومت راجہ محمد یاسین خان، مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل و سابق ڈپٹی سپیکر محترمہ مہرالنساء اور دیگر مقررین نے مرحومین کے خاندان کی علمی و ادبی و دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ اسلاف کے کارناموں سے سبق حاصل کریں۔
اُنھوں نے سید بشیر حسین جعفری اور اُن کی اہلیہ اور خاندان کے دیگر افراد کی آزاد کشمیر میں نظریاتی سیاست کے فروغ اور علم و ادب کے سلسلے میں نوجوانوں کے لئے چھوڑے گئے اثاثے کو مضبوط اور محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے آزاد کشمیر کے حکمرانوں سے کہا ہے کہ وہ سید بشیر حسین جعفری کے علمی اثاثے کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائیں۔
تقریب کی صدارت مرحوم سید بشیر حسین جعفری کے دیرینہ ساتھی، رفیق کار سابق وزیر حکومت راجہ محمد یٰسین خان نے کی جب کہ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء آزاد کشمیر کے سابق صد ر و زیر اعظم حاجی سردار محمد یعقوب خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے اے پی ایچ سی کے مرکزی رہنماء سید یوسف نسیم، میر طاہر مسعود،پاکستان کے معروف کالم نگار حاجی سلطان سکندر، مسلم کانفرنسی رہنماء راجہ محمد لطیف حسرت، پروفیسر اصیل شائق، سید بشیر حسین جعفری ادبی فورم کے صدر سید شباہت جعفری اور اُن کے علمی ورثہ کی محافظ محترمہ سیدہ ماہ پیکر بخاری، سید ہ عظمی گردیز ی ایڈووکیٹ اور سید شاہد شاہ نے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں مسلم کانفرنس کے ڈپٹی سیکرٹری مالیات سردار اجمل نکیالوی، آفس سیکرٹری رانا غلام حسین، ضلع مظفرآباد کی صدر محترمہ فضا ساجد راجا، کرنل (ر) سعادت گردیزی، سید منظور حسین شاہ، ذوالفقار بھٹی سمیت بڑی تعداد میں خواتین و حضرات نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی حاجی سردار محمد یعقوب خان نے سوہاوہ شریف کے خاندان کی جنگ آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا۔ سید بشیر حسین جعفری نے 13 سال کی عمر میں کمسن مجاہد کی حیثیت سے جہادآزادی میں حصہ لیا۔ اُن کے بڑے بھائی پروفیسر سید مظفر حسین ندوی نے بھی عملی جہاد میں حصہ لیا۔ انھوں ن ے سید شباہت حسین جعفری کا بھی شکریہ ادا کیا۔
صدر تقریب راجہ محمد یٰسین خان نے اس موقعہ پر سید بشیر حسین جعفری کے ساتھ گزرے 35 سال کی طویل رفاقت کا تفصیل سے ذکر کیا اور کہا کہ اصولوں پر ڈٹ جانا جعفری صاحب کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے۔ سید بشیر حسین جعفری صاحب کی اہلیہ محترمہ کو یہ اعزاز جاتا ہے۔
محترمہ ماہ پیکر سیدہ اورسید شباہت جعفری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا بالخصوص جن لوگوں نے اُن کی والدہ محترمہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ جنازے میں شریک ہونے والے اور بذریعہ فون، خطوط پر ذاتی طور پر آنے والوں نے آزمائش کی اس گھڑی میں ہماری ہمت بندھائی۔ آخرمیں سید سلطان العارفین گیلانی نے دعا کروائی۔ اس سے قبل سعادات ہاؤس گلشن آباد میں مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے بھی قرآن خوانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔
[…] بشیرجعفری کی سالانہ برسی اوراُنکی بیوہ کی رسم چہلم کی ت… […]
[…] بشیرجعفری کی سالانہ برسی اوراُنکی بیوہ کی رسم چہلم کی ت… […]