پی ٹی آئی احتجاج،قیوم نیازی نےمارچ کی تیاری کاآغازکردیا
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی قائد پاکستان عمران خان کی کال پر اسلام آباد مارچ کی تیاری کا آغاز کر دیا ۔
پی ٹی آئی مظفر آباد ، میرپور اور پونچھ ڈویژن کے عہدیداران و کارکنان کے اجلاس طلب ۔ تینوں اجلاس متعلقہ ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوں گی۔ ممبران اسمبلی ، ارکان گورننگ باڈی ، تنظیمی عہدیداران کو بھرپور تیاریوں کی ہدایت کر دی گئی ۔ اجلاس میں اسلام آباد مارچ کی حکمت عملی پر مشاورت سے لائحۂ عمل طے کیا جائے گا۔
صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بانی چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی فائنل کال پر 24 نومبر کو خوف کے بتوں کو توڑ کر باہر نکلیں اور اپنے زندہ اور باشعور ہونے کا ثبوت پیش کریں۔
اس وقت ہمارا سب سے بڑا مطالبہ ہے کہ عمران خان کیخلاف ناحق مقدمات اور انکی ناحق گرفتاری کو ختم کیا جائے۔ آئین کی بحالی، عدلیہ کی آزادی بھی کلیدی ہیں لیکن یہ سب باتیں عمران خان کی ناحق قید سے منسلک ہیں۔اگر عدلیہ آزاد ہو تو عمران خان بالکل جیل میں نہیں ہوں گے۔
کشمیری اپنے محسن و سفیر عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ تاریخ ساز کشمیری اپنے سفیر کی کال پر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پارٹی عہدیداران کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ احتجاج کی تیاری اور شرکت میں کسی قسم کی سستی نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ضلعی تنظیمیں موبالائزیشن مہم کا آغاز کریں تاکہ عمران خان کی کال کو کامیاب بنانے کیلئے آزاد کشمیر کی بھرپور نمائندگی ہے۔آزاد کشمیر کے 33 حلقہ جات ہیں جہاں سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو پانچ پانچ سو افراد کو نکالنے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔
اسی طرح پاکستان بھر میں مقیم کشمیری مہاجرین کو بھی مارچ میں شرکت یقینی بنانے کیلئے ذمہ داران کو ٹاسک دے دیا گیا۔ انشا اللہ راولپنڈی اسلام آباد سمیت پاکستان بھر سے ہزاروں کشمیری نکلیں گے اور مارچ کو تاریخ ساز بنائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ریاست بھر رابطے اور مانیٹرنگ کیلئے سیل قائم کیا جائے گا جو لمحہ اب لمحہ احتجاج کی تیاریوں اور حکمت عملی کا گراس روٹ لیول تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
[…] پی ٹی آئی احتجاج،قیوم نیازی نےمارچ کی تیاری کاآغازکر… […]