بیرسٹرسلطان کی کوٹلی آمد،تاریخی استقبال کرینگے،چوہدری محبوب
کوٹلی(بیورورپورٹ) مشیر صدر ریاست آزاد جموں کشمیر چوہدری محمد محبوب ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ قائد کشمیر صدر آزاد ریاست جموں کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا دو روزہ دورہ کوٹلی تحریک آزادی کشمیر کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
دو روزہ دورہ کوٹلی کی اہمیت کے پیش نظر شایان شان استقبال اور کامیابی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔صدر ریاست ریاست دو روزہ دورہ کے دوران مختلف سرکاری، سیاسی و سماجی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس میں کیا اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری عبدالرزاق، سینیر قانون دان راجہ نجیب احمد خان، میئر میونسپل کارپوریشن چوہدری محمد تاج اور دیگر بھی موجود تھے۔
چوہدری محبوب ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ صدر ریاست آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود خرابی صحت کے باعث طویل عرصہ تک کوٹلی تشریف نہ لا سکے لیکن ان کا دل کوٹلی کے عوام کے ساتھ دھڑکتا رہا۔
علالت سے رو بہ صحت ہونے کے بعد پہلا دورہ کوٹلی منتخب کیا کیونکہ وہ اکثر یہ کہتے ہیں کہ کوٹلی میرا دوسرا گھر ہے اور جو راحت میں کوٹلی کے اندر محسوس کرتا ہو کہیں اور نہیں ملتی۔ یہی وجہ ہے کہ وہ میرپور کے بعد کوٹلی کے مسائل سے بخوبی اگاہ ہوتے ہوئے یہاں کے چیدہ چیدہ مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
چوہدری محبوب ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے دور میں جہاں تعمیر و ترقی اور جملہ عوامی مسائل کو دانشمندی سے حل کیا وہیں ریاست جموں کشمیر کی آزادی کے لیے پوری دنیا میں بھارتی پراپیگنڈہ کو زائل کرنے کے لیے طوفانی دورے کرکے دنیا کے سامنے بھارتی اور بالخصوص مودی کا بھیانک چہرہ بے نقاب کیا۔
کشمیری قوم اپنے محسنوں کو کبھی نہیں بھولتی اور یہی وجہ ہے کہ آج ہر سطح پر ان کی تحریک کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے۔ صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے چوہدری محمد محبوب ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ صدارتی آرڈیننس پر گر صدر ریاست دستخط نہ کریں تو وہ اپنی آئینی مدت کے دوران نافذ العمل ہو جاتا ہے تاہم جو مطالبات جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ہیں ہم ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں کیونکہ وہی مطالبات وزیر اعظم آزاد کشمیر اور حکومت کے ہیں۔ وزیر اعظم بھی کشمیری ہیں اور عوامی مسائل سب کے مشترکہ ہیں
لہذا آرڈیننس عوام کے جمہوری حقوق کے سامنے رکاوٹ نہیں۔ بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگ اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنے جمہوری اور شہری حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کریں۔آخر میں نائب صدر پریس کلب سردار پرویز اختر جنہال نے مشیر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور ان کی وساطت سے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو پریس کلب کے دورہ کی باضابطہ دعوت بھی دی۔
[…] […]