صغیر چغتائی شہید کی تیسری برسی انتہائی عقیدت واحترام سے منائی گئی

صغیر چغتائی شہید کی تیسری برسی انتہائی عقیدت واحترام سے منائی گئی

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے حقیقی چچا محترم، مشیر حکومت آزاد کشمیر سردار احمد صغیر اور سردار عفیف صغیر کے والد محترم سابق ممبر اسمبلی و سینئر پارلیمنٹرین سردار محمد صغیر چغتائی شہید کی تیسری برسی انتہائی عقیدت اور احترام سے منائی گئی ،

برسی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ آئی پی پی آزاد کشمیر میں دعائیہ تقریب کا انعقاد،سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چچا محترم سردار محمد صغیر چغتائی شہید سیاست میں رواداری ، بردباری ، شائستگی اور تحمل مزاجی جیسی سینکڑوں خوبیوں کے حامل تھے انکی تیسری برسی میں شریک تمام افراد کو سلیوٹ اور سلام پیش کرتا ہوں ۔

سیاست نظریات اور اصولوں کی بنیاد پر ہوتی ہے۔ سیاست میں برادری ازم کا قائل نہیں ہوں ۔ سردار محمد صغیر چغتائی شہید نے سیاسی مخالفت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پسند و ناپسند کی تمیز کیے بغیر بلا تخصیص عوام کی خدمت کی ۔

سردار محمد صغیر چغتائی کی شہادت کے بعد سدھن قبیلے نے چچی محترمہ کو تاریخی لیڈ سے کامیاب کروا کر اپنا روایتی شملہ اونچا رکھا ۔حاسدین نے سازشوں سے ہمارے خاندان میں رخنہ ڈالا ، اس سارے معاملے کو ختم کرنے میں سردار احمد صغیر نے اہم کردار ادا کیا۔

سابق وزیراعظم آزادکشمیر نے مزید کہا کہ ریاست میں جاری انارکی، انتشار اور احتجاج کی ذمہ داری انوار الحق پر جاتی ہے، لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کوئی غدار نہیں ہے ، ہم غیرت مندوں ، شہیدوں اور غازیوں کی اولاد ہیں ، نہ ہم غدار ہیں ، نہ کبھی غداری کا سوچ سکتے ہیں۔

ہمارے اسلاف کی قربانیوں پر دھرتی فخر کرتی ہے، ہمارے آباؤاجداد نے اپنی کھالیں کھینچوائی ۔ہم نے پونچھ کی دھرتی سے نعرہ دیا کہ ‘ہم ہیں پاکستان’، ہم نے ہمیشہ کہا کہ سبز ہلالی پرچم کی طرف جو میلی آنکھ سے دیکھے گا وہ آنکھ نکال لیں گے۔ کچھ لوگوں کو مونسٹر بنا کر پیش کیا گیا۔

کوئی کشمیری بھی پاکستانیت کے خلاف نہیں ہے۔ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ بلدیاتی انتخابات میں پونچھ نے مثالی امن و یکجتی کا مظاہرہ کیا کیونکہ ہم نے ہونچھ میں کھڑے ہو کر کہا تھا کہ پورے آزادکشمیر کو پونچھ والے سیکیورٹی دیں گے، ریاست میں ایک پتہ بھی ہلے بغیر تاریخی پر ان۔ و شفاف انتخابات منعقد کروائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آٹے پر سبسڈی دی ، بجلی کی قیمتوں کو برقرار رکھا ، بجلی چوری کی روک تھام کے لیے اصلاحاتی پروگرام تیار کیا۔ آزاد کشمیر میں حالیہ تحریک میں چار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ، اس سب احتجاج اور انتشار کے پیچھے چوہدری انوار الحق کا ہاتھ ہے

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم نے ریاست کو عجیب صورت حال سے دوچار کردیا،پونچھ کے لوگ نہ غدار ہیں اور نہ ہی ملک کے مخالف ہیں ،ہم پاکستان کی دفاعی حصار بنیں گے ، یہ ساری تحریک انوار الحق نے خود شروع کروائی ہے۔

تقریب میں ممبر اسمبلی و سابق وزیر چوہدری علی شان سونی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ہو یا آزادکشمیر میں سیاسی سرگرمیوں کو فروغ دینا ،ترقیاتی کام ہوں یا آئینی معاملات سردار محمد صغیر چغتائی کا غیر معمولی کردار ہمیں ہر جگہ پر نظر آتا ہے

وہ اپنی ذات میں ایک انجمن تھے جنہوں نے ریاست کے تشخص کو برقرار رکھنے کیلیے اپنا اہم ترین کردار ادا کیا، سردار محمد صغیر کی سیاسی زندگی سب کے لئے مشعل راہ ہے ،

اس موقع پر مقررین نے سردار محمد صغیر چغتائی شہید کی سیاسی و سماجی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیدِ نے اپنی ساری عمر عوامی خدمت میں گزاری ، وہ غریبوں کے ہمنواہ تھے اور تعمیر و ترقی کا ویژن رکھتے تھے جس کی پوری قوم معترف ہے۔

شہید کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ تقریب کے اختتام پر سردار محمد صغیر چغتائی شہید کے ایصال ثواب اور درجات بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تقریب میں مشیر حکومت آزاد کشمیر سردار احمد صغیر ، سردار عفیف صغیر ، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین ، سابق پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید ، ڈسٹرکٹ کونسلر باغ مرزا وحید بیگ ،سابق معاون خصوصی سردار افنان نواز ، سیاسی و سماجی رہنما سردار وسیم رشید ، رہنما آئی پی پی راجہ اشفاق کفل گڑھی ، سابق پولیٹیکل سیکرٹری سردار شبریز صابر ، میڈیا کوآرڈینیٹر راجہ قمر الزمان ، ترجمان استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر سردار مشعل یونس ، سابق سٹاف آفیسر صدام نسیم ، کوآرڈینیٹر سردار عمران یاسین ، فوکل پرسن سوشل میڈیا سید ارشد گردیزی ، سردار عاصم حمید سمیت سیاسی و سماجی شخصیات ،صحافیوں ،پارٹی ورکرز و عہدیدران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

صغیر چغتائی شہید کی تیسری برسی