50سالہ وکالت کے شعبہ میں خدمات دینے والے وکلاء بار اور بنچ کا اثاثہ ہیں، چیف جسٹس
میرپور(کشمیر ایکسپریس نیوز) چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر راجہ سعید اکرم خان نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے 50 سال سے زائد وکالت کے شعبہ میں خدمات سر انجام دینے والے وکلاء کے اعزاز میں گولڈن جوبلی تقریبات منعقد کرکے احسن اقدام اٹھایا ہے جس میں سینئر وکلاء کی قانون وانصاف کی بالادستی اور لوگوں کو ان کے حقوق دلانے کے لیے دی جانے والی خدمات کو سراہا گیا ہے۔50سالہ وکالت کے شعبہ میں خدمات دینے والے وکلاء بار اور بنچ کا اثاثہ ہیں۔وکلاء کا شمارمعاشرے میں پڑھے لکھے طبقہ میں ہوتا ہے، وکالت کا پیشہ نہایت ہی عزت و احترام اور مرتبہ والا ہے۔آزاد کشمیر کے وکلاء نے جوڈیشری بڑا نام کمایا۔دنیا کے عظیم لیڈر بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا بھی تعلق وکالت کے پیشہ سے تھا۔میرپور سپریم کورٹ رجسٹری برانچ کی نئی عمارت کا کام اسی سال شروع ہو جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام وکالت کے پیشہ میں 50 سال سے زائد خدمات سر انجام دینے والے وکلاء کے اعزاز میں منعقدہ گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے چیف جسٹس آزاد کشمیر راجہ سعید اکرم خان،صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ سجاد احمد خان نے خطاب کیا جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض حلیم اعظم ایڈووکیٹ نے سرانجام دیے۔ تقریب میں سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم،جج سپریم کورٹ جج جسٹس رضا علی خان،ایڈووکیٹ جنرل شیخ مسعود اقبال، سابق ایڈووکیٹ جنرل راجہ انعام اللہ خان،سابق وائس چیئرمین بار کونسل چوہدری منصف داد ایڈووکیٹ،چوہدری انور ایڈووکیٹ،چوہدری محمد صابر ایڈووکیٹ،سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن زبیر احمد راجہ ایڈووکیٹ،سابق صدر سپریم کورٹ بارایسو سی ایشن سید نشاط کاظمی ایڈووکیٹ،صدر ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن چوہدری شکیل زمان،سابق وائس چیئرمین بار کونسل راجہ خالد محمود،سابق جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بارجاوید نجم الحسن ثاقب ایڈووکیٹ،سابق صدر ہائی کورٹ بار بابر علی ایڈووکیٹ،چوہدری شیر عالم ایڈووکیٹ،چوہدری منیرحسین ایڈووکیٹ،سابق صدر بار کامران طارق ایڈووکیٹ،چوہدری ریاض عالم ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری بار بشیر تبسم،سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل وسیم یونس ایڈووکیٹ کے علاوہ دیگر وکلاء بھی موجود تھے۔
چیف جسٹس آزاد کشمیر راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی دھرتی سے وکلاء میں سے عظیم لوگ پیدا ہوئے آزاد کشمیر کی جوڈیشری کے فیصلہ جات کو پاکستان کے ججزاور عدالتوں نے بھی سراہا ہے یہ کریڈٹ آزاد کشمیر کی بار کو جاتا ہے جنھوں نے محنت کر کے اپنا نام کمایا آزاد کشمیر کے وکلاء ہمیشہ قانون کی حکمرانی کی خاطر عدالتوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے۔آزاد کشمیرعدلیہ نے بھی ہمیشہ وکلاء کا احترم کیا اور قانون و انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا بھرپورکردارادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان کی کاوشوں سے میرپور رجسٹری برانچ کی نئی بلڈنگ کا کام اسی سال شروع ہو جائے گا جس سے ریاست کے اس ادارے کی بلڈنگ شایان شان ہو گی۔ادارے ریاست کی شان اور چہرہ ہوتے ہیں ان کی بلڈنگز بھی شایان شان ہونی چاہیں۔انہوں نے آزاد کشمیر کے سینئر وکلاء کی خدمات کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو اعلیٰ روایات قائم کر رکھی ہیں انہیں نوجوان وکلاء مشعل راہ بنائیں۔
اس موقع پر چیف جسٹس راجہ سعید اکر م خان،سینئر جج جسٹس خواجہ محمد نسیم اور جسٹس رضا ء علی خان نے حاجی منصف داد ایڈووکیٹ،چوہدری انور ایڈووکیٹ،چوہدری محمد صابر ایڈووکیٹ،مرزا ظفر حسین ایڈووکیٹ،یونس آڑوی ایڈووکیٹ،نشاط حسین کاظمی ایڈووکیٹ،شیر عالم ایڈووکیٹ،سردار عبدالمجید خان ایڈووکیٹ،حاجی ریاض عالم ایڈووکیٹ،حاجی محمد افضل ایڈووکیٹ،راجہ لیاقت علی خان ایڈووکیٹ کو 50سالہ وکالت کے شعبہ میں خدمات سرانجام دینے پر شیلڈ زدیں۔جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے فوت شدہ وکلاء،ججز کے ایصال و ثواب کے لیے دعا کی گئی اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔