عباسپور: بیٹے کے ہاتھوں باپ کا قتل،ملزم گرفتار
عباسپور(کشمیر ایکسپریس نیوز)عباسپور کے علاقے میں لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں بیٹے نے اپنے باپ کو قتل کر دیا۔ مقتول کی شناخت ظہور شاہ عرف پپو شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم شاہزیب شاہ نے کسی تنازعے پر اپنے والد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ پولیس عباسپور شاہد اقبال، ڈی ایف سی نبیل اور سپیشل برانچ کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائی کی اور ملزم کو فوری طور پر گرفتار کر لیا۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے اور ملزم سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں قتل کے اسباب معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلانے کا باعث بنا ہے۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔