عمران خان کی کال،قیوم نیازی کی قیادت میں بڑا قافلہ رواں دواں

عمران خان کی کال،عبد القیوم نیازی کی قیادت میں بڑا قافلہ دوسرے روز بھی ڈی چو ک کی جانب رواں دواں

راولاکوٹ /پلندری آزاد پتن/ کہوٹہ (کشمیر ایکسپریس نیوز) پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاجی مارچ میں شرکت کیلئے پونچھ ڈویژن سے کارکنان کے بڑے قافلے کے ہمراہ راولپنڈی کہوٹہ کے مقام پر پہنچ گئے
جس میں نائب صدر سردار نیئر ایوب ، نائب صدر سردار ارزش ، عامر نذیر، سردار خطاب اعظم ، امجد جلیل ، سردار شاہد محمود ، اصغر ایڈووکیٹ ، سردار داود ودیگر بھی موجود ہیں۔ گوئی نالہ روڈ پر درجنوں رکاوٹیں دور کرنے کے بعد قافلہ کہوٹہ پہنچا جہاں پنجاب پولیس کی بھاری نفری نے قافلے کو روک دیا۔ پتن سے پہلے سڑک کو مٹی اور پتھر پھینک کر بلاک کیا گیا ہے جس کو کارکن ہٹا کر آگے بڑھے جبکہ مختلف مقامات پر آزاد کشمیر پولیس اور کارکنان کے درمیان تکرار اور جھڑپیں بھی ہوئیں تاہم قافلہ پنجاب کی حدود میں داخل میں ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔ آزاد کشمیر پولیس کی متعدد بار سردار عبد القیوم نیازی کو گرفتار کرنے کی کوشش کارکنان نے ناکام بنا دی۔ صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی مختلف مقامات پر خود رکاوٹیں ہٹانے کیلئے کارکنان کے ہمراہ موجود رہے۔اس موقع پر صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر صورت ہم اسلام آباد ڈی چوک پہنچیں گے ہزاروں کی تعداد میں کارکن ہمارے ساتھ موجود ہیں،ہمارا پر امن احتجاج ہے آزاد حکومت اس کو پرتشدد بنانا چاہتی تھی، آزاد کشمیر بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی گرفتاری حکومت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے ، گرفتاری کا خوف ہے نہ ہی لاٹھی چارج ، اپنی منزل پر پہنچ کر ہی دم لیں گے۔ آزاد کشمیر حکومت کی فسطائیت کو شکست دی ، آگے پنجاب اور وفاقی حکومت کی فسطائیت بھی شکست دیں گے۔ پی ٹی آئی مطالبات کی منظوری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آخری کال ہے ہم نے عمران خان کی رہائی تک اسلام آباد میں رہنا ہے،حکومت کو خبردار کرتے ہیں عمران خان کو رہا کرو ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز جگہ جگہ سے ہمارے راستے روکے گئے حکومت جتنا مرضی طاقت کا استعمال کرلے یہ کال ہمارے قائد عمران خان کی جانب سے دی گئی ہے ہم عمران خان کے علاوہ گھروں کو نہیں جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں پارٹی کارکنان اور بالخصوص پونچھ، سدہنوتی، حویلی اور باغ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو تمام تر مشکلات کے باوجود آگے بڑھ رہے ہیں ہماری منزل ڈی چوک اسلام آباد ہے اور ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے۔اس موقع پر کارکنان کی جانب سے سردار عبدالقیوم نیازی کے حق میں نعرہ بازی کی گئی۔ قیدی نمبر 804 کے فلگ شگاف نعرے،کارکنا ن نے کہا کہ سردار عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کا فخر ہیں جنہوں نے ہمارے ساتھ کنٹینر ہٹانے کے لیے دھکے لگاتے ہوئے آگے بڑھے رہے جس سے ہمارے حوصلہ بھی بلند ہوئے۔

پی ٹی آئی احتجاجتحریک انصافعبد القیوم نیازی کی قیادت میں بڑا قافلہ دوسرے روز بھی ڈی چو ک کی جانب رواں دواںعمران خان کی کال