حکومت آزادکشمیر انڈسٹری اسٹیٹ کی بہتری کیئےاقدامات کرے،عمر

حکومت آزادکشمیر انڈسٹری اسٹیٹ کی بہتری کیئےاقدامات کرے،عمر شہزاد

میرپور(نمائندہ خصوصی ) صدر میرپور چیمبرکامرس اینڈ انڈسٹریز عمر شہزاد جرال نے کہا ہے کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر انڈسٹری اسٹیٹ کی حالت زار درست کرنے کے لیے اقدامات کرے میرپور آزاد کشمیر کا واحد انڈسٹری اسٹیٹ ہے جو حکومت کو سالانہ اربوں روپے ریونیو دیتی ہے ماضی میں یہاں چار سو سے زائد یونٹس کام کرتے تھے جو اب سکڑتے سکڑتے محض پچاس سے ساٹھ تک رہ گئے ہیں

متعدد یونٹس نے کام بند کرنے کی درخواستیں دے رکھی ہیں یہ انتہائی تشویشناک صورتحال ہے اس متعلق وزیر اعظم آزاد کشمیر اور چیف سیکرٹری کو متعدد دفعہ آگاہ کر چکا ہوں مگر تاحال رزلٹ صفرہے

ان خیالات کا اظہار انھوں نے کشمیر پریس کلب میرپور کے صدر سید عابد حسین شاہ کی قیادت میں ملنے والے کشمیر پریس کلب کے صحافیوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوے کیا

جنہوں نے نومنتخب صدر چیمبر کو مبارکباد دی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس موقع پر چیمبر آف کامرس کی ایگزیکٹو باڈی کے رکن عارف ضیاء بھی موجود تھے،

عمر شہزاد جرال کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں دی جانے والی ٹیکس چھوٹ ختم کر دی گئی ہے جبکہ ستم یہ ہے کہ ہمارے سی بی آر پر ایف بی آر بیٹھا دیا گیا ہے

یہاں بننے والے مال پر اب دوہرا بلکہ تہرا ٹیکس دینا پڑ رہا ہے تو ایسے میں کیوں کوئی یہاں سرمایہ کاری کریگا محکموں کی کارکردگی اور عدم تعاون بھی نمایاں ہے

دو انڈسٹری اسٹیٹ بننے کے باوجود یہاں پر فائر بریگیڈ،پانی سپلائی ،سیکیورٹی انتظامات ،بجلی کے معاملات حل نہیں ہو سکے یہاں انڈسٹری کو چلانے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ون ونڈو طرز پر اقدامات ناگزیر ہیں

اب تک فیکٹریاں بند ہونے سے ہزاروں افراد بیت روزگار ہو چکے ہیں اور جس رفتار فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں ایسے میں بے روزگاری بڑھے گی

انہوں نے بتایا کہ صرف ایک فیکٹری کو ٹیکس چوری کا الزام لگا کر بند کیا گیا اور صرف سات ماہ میں حکومت کو دو ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا جبکہ فیکٹری مالکان کو تمباکو کی مد میں پچاس کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا

انکا کہنا تھا کہ اس ایک فیکٹری کی بندش سے چھ سو خاندانوں کا معاشی قتل کیا گیا ہے زمہ داران بتائیں کہ قومی خزانے کو  دو ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے کا زمہ دار کون ہے

صدر چیمبر نے کہا کہ حکومت ٹیکس چوری کو روکنے کے لئے اپنے اداروں کو ٹھیک کریں چوری خودبخود ختم ہو جائے گی انڈسٹری کی بندش سے ہزاروں نوجوان بےروزگار ہو چکے ہیں،

عمر شہزاد جرال نے کہا کہ میڈیا معاشرے کا چوتھا ستون ہے اور یہاں کے صحافیوں کا کردار ہمشیہ مثالی رہا ہے مسلۂ کشمیر ،مقامی مسائل اور تاجروں صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے صحافتی کمیونٹی نے مثالی کام کیا ہے اب تمام دھڑوں کا اتفاق و اتحاد شہر کے لیے بڑا موثر اور خوشگوار امر ہے انھوں نے وفد کا آمد پر شکریہ ادا کیا۔۔۔۔


 

حکومت آزادکشمیر انڈسٹری اسٹیٹ کی بہتری کیئےاقدامات کرےعمر شہزاد