وزیراعظم آزادکشمیر کا مظفر آباد شہر کا اچانک دورہ

وزیراعظم آزاد کشمیر کا مظفر آباد شہر کا اچانک دورہ،پبلک پالیسیز کا معائنہ

مظفرآباد ( کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے گذشتہ روز مظفر آباد شہر کا اچانک دورہ کیا ۔ دورہ کے دوران وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے شہر کے مختلف منصوباجات پر جاری کام کا معائنہ کیا ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے شہر کی مختلف پبلک پلیسیز اور چلڈرن پارکس کا معائنہ بھی کیا اور انتظامیہ کو ناجائز تجاوزات کے خاتمہ سمیت عوام کی سہولت کے لیے لاری اڈوں اور پبلک پارکس کے انتظامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے پرانا بس سٹینڈ ، سی ایم ایچ فلائی اوور ، ماکڑی چلڈرن پارک ، ماکڑی انٹک وئیر اور لاری اڈاہ بیلا نور شاہ کا اچانک دورہ کیا ۔

اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر / وزیرداخلہ کرنل ریٹائرڈ وقار احمد ، وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور ، سردار جاوید ایوب، چوہدری اظہر صادق ، پیر محمد مظہر سعید شاہ ، عبدالماجد خان ، میاں عبدالوحید خان، اکمل سرگالا ، چوہدری اکبر ابراہیم ، سردار عامر الطاف ، کمشنر مظفرا ٓباد ڈویژن مسعود الرحمان، مئیر مظفرآباد سید سکندر گیلانی اور اڈاہ ٹرانسپورٹ سے منسلک سیکرٹری جنرل امجد شاہ ، سفیر مغل ، سجاد شاہ ، طاہر مغل، زبیر مغل اور زاہد القمر بھی وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے مظفر آباد شہر کے اچانک دورہ کے دوران پرانا بس سٹینڈ بنک روڈ کی صورتحال کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو فوری طور پر عوام کی فلاح کے لیے موثر انتطامات کی ہدایت کی ۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ مظفر آباد شہر کو دارالحکومت کے شایان بنائیں گے ۔ پرانا بس سٹینڈ میں مسافروں اور عوام کی سہولت کے لیے پبلک واش رومز ناگزیر ہیں ، واش رومز کی تعمیر کے لیے انتظامیہ فوری اقدامات اٹھائے ۔

تجاوزات سے شہر کی خوبصورتی مانندپڑ رہی ہے انتظامیہ تجاوزات کے خاتمہ کے لیے بھی فوری اقدامات اٹھائے ۔پرانا بس سٹینڈ کو خالی کروا کر کارپیٹنگ کی جائے، اڈہ کی پختگی سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا ۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے سی ایم ایچ وائی کراس فلائی اوور پر جاری کام کا جائزہ لینے کے لیے جائے منصوبہ کا دورہ کیا ۔ وزیراعظم نے منصوبہ پر جاری کام کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس اہم نوعیت کے منصوبہ کو بروقت مکمل کرنے کے لیے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ۔

منصوبہ کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ۔ منصوبہ شہر میں ٹریفک مسائل کے سدباب کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے۔ 24 گھنٹے کام کرتے ہوئے منصوبہ بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔

انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایک ہفتہ بعد منصوبہ پر جاری پیش رفت بارے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی جائے ۔ فنڈز کی کمی کے نام پر منصوبہ تعطل کا شکار نہیں ہونا چاہئے

۔ انھوں نے کہاکہ منصوبہ کی بروقت تکمیل کی جائے، کوتاہی کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی ۔ بعدازاں وزیراعظم آزادکشمیر نے ماکڑی پارک کے دورہ کے دوران کمشنر مظفر آباد مسعود الرحمان کو ہدایت کی کہ ماکڑی پارک سمیت دارالحکومت کے دیگر پارکس کی خوبصورتی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں ،

شہر کے تمام پارکس کے انتظام و انصرام کو بحال رکھنے کے لیے ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے عملہ ، مالی اور سپروائزرز کو حاضر رکھا جائے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے ماکڑی انٹک وئیر کا دورہ بھی کیا ۔

اس موقع پر ایکسین پبلک ہیلتھ نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کو ماکڑی انٹک وئے کے منصوبہ بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبہ کو بروقت مکمل کیا جائے ۔

منصوبہ کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے مزید برآں وزیر اعظم آزادکشمیر نے لاری اڈہ بیلا نور شاہ کا دورہ بھی کیا ۔ دورہ کے دوران وزیراعظم نے لاری اڈہ بیلا نور شاہ میں تجاوزات کے خاتمہ سمیت غیر قانونی لاری سٹینڈز ختم کرنے کی ہدایت بھی کی ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہاکہ عوام کی فلاح موجودہ حکومت کا مشن ہے ۔ دارالحکومت ریاست کا چہرہ ہے ۔ شہر کی خوبصورتی کے لیے متعلقہ حکام کو سنجیدگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا ۔ ترقیاتی منصوبہ جات پر جاری کام میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائےگا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا مظفر آباد شہر کا اچانک دورہوزیراعظم انوار الحق