آل پاکستان افسانہ نویسی ،پروفیسر سلطانہ کی اول پوزیشن

آل پاکستان افسانہ نویسی ،پروفیسر سلطانہ کی اول پوزیشن

 

بھمبر(کشمیر ایکسپریس نیوز)گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج بھمبر آزاد کشمیر سے پروفیسر سلطانہ کو ان کی کتاب “صدا تعاقب میں رہی” کو افسانہ نویسی کا آل پاکستان اول پوزیشن حاصل کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا ۔انہیں یہ ایوارڈ سیالکوٹ آڈیٹوریم میں بزم وادب سیالکوٹ کے زیر اہتمام منعقد پروقار تقریب میں دیا گیا ۔

محترمہ پروفیسر فوزیہ سلطانہ بھمبر کے ممتاز ادبی و علمی گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں اور آزاد کشمیر کے علمی و ادبی حلقوں میں افسانہ نگاری میں ان کا منفرد مقام ہے ۔ تقریب میں شریک پاکستان بھر سے اہلِ علم نےاْن کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا ۔

بزمِ علم و ادب سیالکوٹ ہر سال ملک بھر کے ادیبوں اور شعراء کیلئے اس طرح کی تقریب کا انعقاد کرتی ہے ۔ اس تقریب میں پاکستان بھر کے تمام صوبوں اور آزاد کشمیر سے علمی وادبی شخصیات نے شرکت کی ۔

بھمبر سے نصف درجن سے زائد کتابوں کے مصنف پروفیسر ریٹائرڈ فضل حسین مرزا, پروفیسر رشید احمد قاسمی ریٹائرڈ پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج بھمبر ، پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم مرزا سابق ڈین میرپور یونیورسٹی ، معروف چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر عبد الرحمٰن نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

بھمبر کے علمی و ادبی حلقوں نے موصوفہ کو آل پاکستان فیض احمد فیض ایوارڈ حاصل کرنے پر دلی مبارکباد دی اور ان کا کہنا ہے کہ پروفیسر فوزیہ سلطانہ نے ایک خوبصورت ادبی کاوش سے پورے آزاد کشمیر کا بلعموم اور بالخصوص ضلع بھمبر کا نام روشن کیا ہے ۔

موصوفہ کے افسانوں کا مجموعہ حقیقت اور افسانہ دو سال قبل طبع ہو چکا ہےاور علمی و ادبی حلقوں سے داد وصول کر چکا ہے ۔

آل پاکستان افسانہ نویسیبھمبرپروفیسر سلطانہ کی اول پوزیشن