عبدالقیوم نیازی کا 3 جولائی کوعمران خان کی رہائی کیلئے ریلی نکالنے کا اعلان
تتہ پانی ( نمائندہ کشمیر ایکسپریس ) پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں کشمیر کا 3 جولائی کو حویلی کہوٹہ “سفیر کشمیر عمران خان کو رہا کرو” ریلی نکالنے کا اعلان ۔
صدر تحریک انصاف آزاد جموں کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی ریلی کی قیادت کریں گے ۔
ریلی میں پارٹی کے مرکزی قائدین بھی شرکت کریں گے۔ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عامر نذیر کی قیادت میں ضلع حویلی کے تنظیمی عہدیداران و کارکنان نے ریلی کی تیاریوں کا آغاز کر دیا۔
صدر تحریک انصاف آزاد جموں کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان امت مسلمہ کے عظیم لیڈر ہیں۔
انہیں جعلی و بوگس کیسز میں پابند سلاسل کیا ہوا ہے،عمران خان کی مقبولیت سے مخالفین خائف ہیں۔ سفیر کشمیر عمران خان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔
عمران خان پاکستان اور کشمیری عوام کی امیدوں کا محور ہیں۔ عمران خان ہی ملک معاشی و سیاسی بحرانوں نکال سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے اسیران کو کئی ماہ ہوچکے ہیں ،قید کی صعوبتیں جھیل رہے ہیں،حق و سچ کے محاز پر ڈٹے ہوئے ہیں،
بھیانک سیاسی انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ نہیں رک رہا تو اسیران کے حوصلے بھی پست نہیں ہوئے،
عمران خان سمیت تمام راہ حق کے مجاہد اس جنگ میں فاتح بن کر قوم کے سامنے سرخرو ہونگے۔
سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ دس ماہ سے قید حقیقی آزادی کے مجاہد کو زندان سے نکالنے کا وقت آچکا ہے ،
قوم کیلئے دی گئی قربانی کو یاد رکھتے ہوئے اب قوم فرض ادا کرے کیونکہ عمران خان کی رہائی ہی ملک و قوم کی رہائی ہے۔
3 جولائی کو عمران خان کی رہائی کیلیے پر امن ریلی میں کارکنان بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔