پاک بحریہ کے جہاز معاون کا افریقی ملک کوموروس کا پہلا دورہ
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) پاک بحریہ کے جہاز معاون نے براعظم افریقہ کے ملک کوموروس کا پہلا دورہ کیا اور مقامی آبادی کے لیے مفت میڈیکل کیمپ لگایا۔ انجوان جزیرے (Anjouan) کی بندر گاہ موتسمدو ( Mutsamudu) پہنچنے پر کمانڈر کومورین کوسٹ گارڈز اور دیگر اعلیٰ فوجی اور سرکاری حکام نے پی این ایس معاون کا پرتپاک استقبال کیا۔
بندرگاہ پر قیام کے دوران پی این ایس معاون کے کمانڈنگ آفیسر نے انجوان کے گورنر ڈاکٹر زیدو یوسف (Dr Zaidou Youssouf)، ڈپٹی چیف آف آرمی سٹاف کرنل ایس بی دیلامی (S B Dailami) اور کوموروس کی دیگر سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور دوطرفہ تعاون کے مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمانڈنگ آفسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی جانب سے کومورین حکام اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جہاز کو فراہم کردہ معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ مزید برآں؛ جہاز پر مختلف مشقوں اور آپریشنل امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ باہمی تعاون کو بہتر بنایا جا سکے۔
کوموروس میں پی این ایس معاون نے میڈیکل کیمپ بھی لگایا؛ جہاں پاکستان بحریہ کے سرجنز اور طبی ماہرین نے مریضوں کو مفت طبی مشورے، علاج اور ادویات فراہم کیں۔ میڈیکل کیمپ سے استفادہ کرنے والے مقامی افراد نے پاک بحریہ کے اس اقدام کو بہت سراہا۔
پی این ایس معاون کا کوموروس کا پہلا دورہ؛ دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے اور ضرورت مند کمیونٹیز کو ضروری طبی خدمات فراہم کرنے کے عزم کا ثبوت ہے۔