امت مسلمہ کواختلافات بھلاکرمتحدہونیکی ضرورت،چوہدری یاسین

امت مسلمہ کواختلافات بھلاکرمتحدہونیکی ضرورت،چوہدری یاسین

چڑھوئی(کشمیر ایکسپریس نیوز)صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے آج عالم اسلام شدید مشکلات کا شکار ہے

مقبوضہ کشمیر اور غزہ کے حالات سامنے ہیں لبنان کے بعد اسرائیل نے شام پر تباہی مسلط کر دی ہے عراق لیبیا سمیت عرب ممالک کو بین الاقوامی سازشوں کے تحت تباہ و برباد کیا جا رہا ہے لیکن امت مسلمہ مدہوشی کے عالم میں ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چڑھوئی دھیرہ کی مغل برادری کے زعماء کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے، قرآن و سنت کی روشنی میں مسلم امہ کا اتحاد آج وقت کی اہم ضرورت ہے۔امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا حل اتحاد بین المسلمین اور یکجہتی میں مضمر ہے۔

کشمیر اور فلسطین کے علاوہ یمن، شام و عراق سمیت اور بھی کئی ایسے ایشوز ہیں جن کے حل کے لئے مسلمان ممالک کا اتحاد انتہائی ضروری ہے مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم او آئی سی اس وقت مردہ گھوڑا اور عضو معطل بن کر رہ گئی ہے۔

اس میں جان ڈالنا انتہائی ضروری ہے یا پھر ان تمام مسائل کے حل کے لئے کوئی دوسرا راہ حل نکالنا پڑے گا۔ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمان اور تیل کی دولت سے مالا مال اسلامی ریاستیں اگر باہمی رنجشیں اور اختلاف بھلا کر ایکا کر لیں تو کشمیر اور فلسطین سمیت تمام ایشوز بطریقِ احسن حل ہو سکتے ہیں۔

اس وقت کشمیر اور فلسطین مسلم امہ کے سینے پہ دو رستے ہوئے زخم ہیں انہیں ظالم سامراج سے بچانا انتہائی ضروری ہے لیکن امت مسلمہ کے نگہبان کہاں ہیں کئی بچے حسرت بھری نگاہوں سے مسلمان حکمرانوں اور خصوصا او آئی سی کی جانب دیکھ رہے ہیں

پاکستان نے اگرچہ کشمیر ایشو پہ بہترین سفارت کاری کی ہے اور دنیا بھر کے مسلم و غیر مسلم حکمرانوں پہ واضح کیا ہے کہ کس طرح مظلوم کشمیریوں پہ زندگی کے ایام تنگ کیئے جا رہے ہیں لیکن کیا صرف اتنا ہی کافی ہے باقی مسلمان ممالک کہاں ہیں اور مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے لیے کیا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ممالک مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کرنے میں کردار ادا کریں۔ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل عالمی امن اور سلامتی کیلئے ضروری ہے،ان مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،اگر مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو نظر انداز کیا گیا تو امن کا خواب خواب ہی رہ جائے گا۔

مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے لیے عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ درپیش مسائل کا حل اقوام متحدہ کیلئے ایک چیلنج اور امتحان ہے۔مسلم اُمہ کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر و فلسطین میں جاری ظلم و بربریت کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

امت مسلمہ کواختلافات بھلاکرمتحدہونیکی ضرورتپاکستان پیپلز پارٹیچوہدری محمد یاسینچوہدری یاسین