ہٹیاں بالا،نصف درجن سے زائد جنگلات کمپاونڈ میں آتشزدگی
چناری (کشمیر ایکسپریس نیوز)ہٹیاں بالا اور جہلم ویلی ڈویژن میں شر پسندوں نے نصف درجن سے زائد جنگلوں کو آگ لگا دی،ہزاروں چھوٹے بڑے درخت،چرند،پرند جل کر خاکستر،قومی خزانہ کو کروڑوں روپے مالیت کا نقصان،آتشزدگی کے باعث نوگراں سمیت دیگر علاقوں میں آنے والی پائپ لائن بھی شدید متاثر، متعدد دیہاتوں میں پانی کی سپلائی معطل ،۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز محکمہ جنگلات کے جہلم ویلی اور ہٹیاں بالا ڈویژن سے منسلکہ بنی حافظ،سیری،سری کوٹ خالصہ،نوگراں،بٹ کھیتر،کائی ناڑ،سڑک چناری،بنیاں، چنوئیاں سمیت دیگر جنگلوں کو شرپسند عناصر نے آگ لگا دی جس کے نتیجہ میں ہزاروں کی تعداد میں چھوٹے،بڑے درخت،چرندو پرند بھی جل کر خاکستر ہو گئے
آتشزدگی کے باعث نوگراں سمیت دیگر گاؤں میں آنے والی واٹر سپلائی لائنیں بھی متاثر ہو گئی،محکمہ جنگلات جہلم ویلی اور ہٹیاں بالا ڈویژن کے ذمہ دار شرپسندوں کے خلاف کارروائی کے بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں،
جنگلوں میں آتشزدگی کے واقعات کے دوران محکمہ جنگلات کے اکثر ملازمین غائب دکھائی دیتے ہیں مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت آتشزدگی پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہیں ،چناری سے ملحقہ بنیاں جنگل کو لگائی گئی آگ پر مقامی لوگ رات گئے تک قابو پانے کی کوشش کرتے رہے جس کیے باعث آگ چناری محلہ تک نہ پہنچ سکی اور رہائشی مکان محفوظ رہے ،
عوامی حلقوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر جنگلات کو آگ لگانے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کے احکامات جاری کریں تانکہ قومی جنگلات کو تباہ کرنے والوں کوعبرت ناک سزائیں مل پائیں اور آئندہ کسی کو بھی قومی جنگلات جلانے کی ہمت نہ ہو۔