2025 پاکستان میں حقیقی آزادی کا سال ہو گا،عبد القیوم نیازی
مظفر آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ 2024 پاکستان میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں ، عمران خان کی بوگس کیسز میں نا حق قید ، مینڈیٹ چوری، جبر ، ظلم اور لاقانونیت کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔
سانحہ ڈی چوک جیسا المناک واقعہ ، ظالم حکمرانوں کا پیچھا کرتے رہے گا، نہتے معصوم پرامن احتجاجی مظاہرین پر ظلم و جبر کی داستانیں تاریخ سناتی رہے گی ، پی ٹی آئی اپنے نہتے کارکنوں پر ظلم کا حساب ضرور لے گی ۔
2025 پاکستان میں حقیقی آزادی کا سال ہو گا ۔ عمران خان ڈیل کرے گا اور نہ ہی ڈھیل دے گا۔ عمران خان سمیت تمام پی ٹی آئی سیاسی اسیران کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے نئے سال کے آغاز پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پوری قوم کو نئے سال کی مبارکباد دیتا ہوں ، پاکستان کی خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے دعا گو ہوں۔ مضبوط و مستحکم پاکستان ہی ہماری منزل ہے ۔
صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ 2024 فاشسٹ حکومت کی جانب سے ظلم و جبر کی کہانیوں سے بھرا ہوا ہے ۔ نا اہل اور مینڈیٹ چور حکومت نے اپنے اقتدار کو بچانے کیلئے انسانی حقوق کو پاؤں تلے نہ صرف روندا بلکہ ملکی امیج کو بھی خراب کیا ۔
یورپی یونین سمیت تمام انسانی حقوق کی تنظیمیں پاکستان میں جاری بربریت اور سیاسی انتقام کے خلاف آوازیں اٹھا رہی ہیں ، مینڈیٹ چور حکمران ملکی مفاد کا نہیں بلکہ ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہے ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتی وزرا بر ملا عمران خان سے این آر او مانگ رہے ہیں کہ ہماری حکومت چلنے دو ، آپ کو رہا کر دیں گے ۔ عمران خان ڈیل کرے گا نہ ڈھیل دے گا۔ عمران خان کی منزل اقتدار نہیں بلکہ حقیقی آزادی ہے۔ عمران خان کے مشن کی تکمیل کیلئے دل و جان سے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔