بریڈفورڈ میرپور میں ہوائی اڈہ،کشمیری کمیونٹی کی مہم جاری

بریڈفورڈ میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کے لیے کشمیری کمیونٹی کی مہم جاری

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) بریڈفورڈ میں آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کا اہتمام راجہ محمد ایوب خان نے کیا اس اجلاس میں برطانیہ بھر سے کشمیری کمیونٹی کے عمائدین نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد میرپور میں ہوائی اڈے کے قیام کے لیے حکومتی توجہ مبذول کرانا اور اس اہم منصوبے کے حق میں اپنی آواز بلند کرنا تھا۔

شرکاء نے حکومت آزاد کشمیر اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں بین الاقوامی ہوائی اڈے موجود ہیں، لیکن آزاد کشمیر جیسے اہم خطے میں اب تک ہوائی اڈے کی سہولت فراہم نہیں کی گئی،

حالانکہ آزاد کشمیر کی دنیا بھر میں خصوصی اہمیت ہے۔ دوسری طرف، مقبوضہ کشمیر میں تین ہوائی اڈے تعمیر کیے جا رہے ہیں اور ریلوے لائن بھی بچھائی جا رہی ہے، جو کہ خطے کی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی۔

اجلاس کے شرکاء نے یاد دلایا کہ 2011 میں میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کی منظوری دی گئی تھی، لیکن تاحال کوئی عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ کمیونٹی رہنماؤں نے حکومت پر زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس منصوبے پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے۔

برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی نے اس سلسلے میں دستخطی مہم جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا مزید یہ کہ برطانیہ کے مختلف شہروں میں کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ اس مسئلے پر مزید آواز بلند کی جا سکے۔ کشمیری کمیونٹی کے رہنماؤں نے برطانیہ، یورپ اور دیگر اوورسیز کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کا حصہ بنیں اور پاکستانی قونصلیٹس کو خطوط کے ذریعے اپنی حمایت کا اظہار کریں تقریب میں وقار مشتاق، چوہدری شباب، منیر خانپوری، سابق لارڈ میئر بریڈفورڈ رنگ زیب چوہدری، چوہدری خالد، عبدالجبار، چوہدری محفوظ ، راجہ مہتاب امریز خان شکیل مغل جمیل حسین اکمل شہزاد ظاہر حسین ،حامد اور دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔

انہوں نے میرپور میں ایئرپورٹ کے قیام کو آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا رہنماؤں نے کہا کہ میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کا قیام خطے کی ترقی، بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے ساتھ روابط، اور معیشت کو فروغ دینے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ہوائی اڈے کی تعمیر سے غیر ملکی سرمایہ کاری، سیاحت، اور تجارت میں اضافہ ہوگا، جبکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے اس مؤقف کو مسترد کیا گیا کہ میرپور اور دیگر قریبی ہوائی اڈوں کے درمیان فاصلہ کم ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ 2011 میں جب اس منصوبے کی منظوری دی گئی تھی، تو تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا گیا تھا اس قسم کے حیلے بہانے بنا کر عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا اجلاس کے اختتام پر رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری کمیونٹی متحد ہو کر اس مہم کو کامیاب بنائے گی اور میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

برطانیہبریڈفورڈ میرپور میں ہوائی اڈہدستخطی مہمکشمیری کمیونٹی کی مہم جاریہوائی اڈہ
Comments (0)
Add Comment