وادی سماہنی: گھریلو تنازع پر داماد کے ہاتھوں سالے کا قتل، سسر شدید زخمی
سماہنی (تحصیل رپورٹر) وادی سماہنی کی یونین کونسل پونا کے علاقے دبل میں گھریلو ناچاقی کے باعث ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جس میں داماد نے فائرنگ کرکے اپنے سسر کو زخمی اور سالے کو قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد ملزم کو چند گھنٹوں میں پولیس نے پیر گلی چیک پوسٹ سے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات:
علی احمد ولد نذیر، سکنہ ایبٹ آباد، شام 6:30 بجے کے قریب 30 بور پستول سے اپنے سسر محمد الیاس اور سالے احسن الیاس پر فائرنگ کی۔ فائرنگ سے احسن الیاس کو سر میں گولی لگی، جب کہ محمد الیاس کو ٹانگوں کے درمیان شدید زخم آئے۔ دونوں زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سماہنی منتقل کیا گیا، جہاں سے حالت تشویشناک ہونے پر انہیں ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال میرپور ریفر کیا گیا۔ تاہم، احسن الیاس جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس تھانہ چوکی کے ایس ایچ او رفاقت الیاس عباسی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو پیر گلی چیک پوسٹ سے گرفتار کر لیا۔
عوامی ردعمل:
عوامی و سماجی حلقوں نے پولیس کی بروقت کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور نیابت پونا میں مستقل پولیس چوکی کے قیام کا مطالبہ کیا۔
نماز جنازہ اور تدفین:
احسن الیاس کی نماز جنازہ گاوں پونا میں ادا کی گئی، جس میں عوام علاقہ کی بڑی تعداد، سابق امیدواران اسمبلی چوہدری محمد رزاق، چوہدری وحید اکرم ایڈووکیٹ، ڈی ایس پی شیخ عبد الرحمن، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ مقتول کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
یہ افسوسناک واقعہ گھریلو مسائل کے حل میں کمی اور برداشت کی عدم موجودگی کا عکاس ہے۔