ترقیاتی فنڈز روکنے پرعلی شان پھٹ پڑے،تنویرالیاس کا ساتھ جاری رکھنے کا اعلان

ترقیاتی فنڈز روکنے پرعلی شان پھٹ پڑے،تنویرالیاس کا ساتھ جاری رکھنے کا اعلان
مظفرآباد(خصوصی خبرنگار)سماہنی سے اپوزیشن ممبر اسمبلی چوہدری علی شان سونی اپنے حلقہ انتخاب میں ترقیاتی فنڈز روکنے اور حکومت کی جانب سے ان کے خلاف انتقامی کاروائیوں پر پھٹ پڑے،

سردار تنویر الیاس خان کا ساتھ جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔اسمبلی اجلاس میں بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم نے ان کے بیٹے پر دہشتگردی کے مقدمات بنوائے،

تحقیقاتی افسروں نے کہا یہ دفعات نہیں لگ سکتیں تو ایک کمزور آفیسر کو بلا کر دہشتگردی کی دفعات لگوائیں۔چار بار ممبر اسمبلی بنا ہوں تب سے بنا دیکھ رہا ہوں اس اسمبلی میں تبدیلی کا پہیہ چلتا ہے ایک بار پھر چلے گا۔

میں مقابلہ کرنے کو تیار ہوں کسی سے کوئی گلہ شکوہ نہیں کرونگا،ظلم میرے ساتھ جتنا کرنا ہے کرو حلقہ کے لوگوں کے ساتھ نہ کرو،میرے حلقے کے ترقیاتی فنڈز روکے گئے، سڑکات پر تعمیراتی کام بند کیا گیا،دو سال پہلے گریڈ سٹیشن منظور کرایا اس پر کام نہیں ہونے دیا گیا۔

علی شان سونی نے کہا کہ مجھے سردار تنویر الیاس کے ساتھ کھڑا ہونے کی سزا دی گئی ہے مجھے سزا منظور ہے یکطرفہ زیادتی کا مقابلہ کرتا رہوں گا،اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا برداشت کرونگا،

وزیراعظم نے سماہنی جاکر جو تقریر کی وہ بڑے منصب سے چھوٹی بات کے مترادف تھی جس کا جتنا طرف تھا اتنی بات کی میں اپنا ظرف اونچا رکھوں گا چھوٹی بات نہیں کرونگا،

جواب نہیں دونگا،میرے حلقے کے تعمیراتی معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے مجھے امید ہے سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا۔علی شان نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ سردار تنویر الیاس کے ساتھ 33 لوگ تھے

آج میں انکے ساتھ اکیلا ہوں اور انکے ساتھ رہونگا لیکن صرف اتنا کہتا ہوں کہ میرے ساتھ جتنا ظلم کرنا ہے کریں میرے حلقے کے عوام کے ساتھ زیادتیاں بند کریں۔

ترقیاتی فنڈز روکنے پرعلی شان پھٹ پڑےتنویرالیاس کا ساتھ جاری رکھنے کا اعلان