خالد مقبول صدیقی کی کِجیل میگنے بونڈیِوک سے اہم ملاقات

خالد مقبول صدیقی کی ناروے کے سابق وزیر اعظم کِجیل میگنے بونڈیِوک سے ملاقات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، خالد مقبول صدیقی سے ناروے کے سابق وزیر اعظم مسٹر کِجیل میگنے بونڈیِوک کی قیادت میں ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد سے ملاقات،

ملاقات میں سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی اور سابق رکن اوسلو پارلیمنٹ ناروے عامر جاوید شیخ شامل، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملاقات کے دوران کہا کہ مسٹر کِجیل میگنے بونڈیِوک پاکستان کے دوست ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد کی ہے۔

مسٹر کِجیل میگنے بونڈیِوک موجودگی نے لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس کے ایجنڈے کو بین الاقوامی بنا دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان لڑکیوں کی تعلیم اور سکول سے باہر بچوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اسلامی ممالک کی قیادت کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں تعلیم کے شعبے میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہت بڑے چیلنجز درپیش ہیں لیکن وزارت تعلیم نے اس مسئلے کو انتہائی ہنگامی طور پر اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اپنے تمام وسائل کو متحرک کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے بھی تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وزارت تعلیم دیگر وزارتوں کے ساتھ مل کر سکولوں تک رسائی، محدود انفراسٹرکچر، اساتذہ کی تربیت کے معیار اور بچوں کی غذائیت کے مسائل کو حل کر رہی ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ ہماری کوششوں سے آبادی کے لحاظ سے سکول نہ جانے والے بچوں کا فیصد کم ہو رہا ہے تاہم مجموعی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ انٹروینشنز کو تیار کرنے اور لاگو کرنے کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کے نام سے ایک خصوصی شعبہ تیار کیا گیا ہے جو پاکستان کے تعلیمی شعبے کو درپیش چیلنجز کے بارے میں درست اعداد و شمار اکٹھا کر تا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی میں ثقافتی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس ایک تاریخی کامیابی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مذہبی اسکالرز نے لڑکیوں کی تعلیم کے مقصد کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اسلامی ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق غلط فہمی کو ختم کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔

خالد مقبول صدیقی کی کِجیل میگنے بونڈیِوک سے اہم ملاقاتخالد مقبول صدیقی کی ناروے کے سابق وزیر اعظم کیل میگنے بونڈیوک سے ملاقات
Comments (0)
Add Comment