مسئلہ کشمیرکیلئے دنیا بھر میں مقیم کشمیری متحرک ہوجائیں،بیرسٹرسلطان

مسئلہ کشمیرکیلئے دنیا بھر میں مقیم کشمیری متحرک ہوجائیں،بیرسٹرسلطان
اسلام آباد(وقائع نگار)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے اس نازک اور اہم موڑ پر دنیا بھر میں مقیم کشمیری متحد و متحرک ہو جائیں تاکہ مودی کے مکروہ عزائم کا مل کرمنہ توڑ جواب دیا جا سکے۔ کیونکہ مودی مقبوضہ کشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچا کر دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم سے ہٹانا چاہتا ہے۔ لہذا اس سلسلے میں ہمیں بیرون ممالک سے بھرپور انداز میں آواز بلند کرکے عالمی ضمیر کو جھنجوڑنا ہو گا اس کے لئے عنقریب لندن، پیرس یا برسلز میں ایک بڑی کانفرنس کا انعقاد کرکے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بڑے پیمانے پربھرپور انداز میں آواز اٹھائی جائے گی برطانیہ میں کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے 4جولائی کو برطانیہ میں ہونے والے انتخابات میں جہاں پاکستانی اور کشمیری نژاد امیدواران کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں وہاں پر ایسے امیدواروں کو ووٹ دیں جو کہ مسئلہ کشمیر پر ہمارے موقف کی تائید کرتے ہوں تاکہ برطانوی پارلیمنٹ، ہائوس آ ف کامنزمیں قائم آل پارٹیز کشمیرکمیٹی کے ممبران کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکے اور ہم برطانوی پارلیمنٹ سے مزید موثر انداز میں مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کر سکیں۔ اسی طرح اوورسیز کشمیری آزادکشمیر میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں تاکہ ہم مودی کا اقتصادی طور پر بھی مقابلہ کر سکیں۔اس سلسلے میں اوورسیز کشمیری آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے لئے آگے بڑھیں حکومت آزادکشمیر انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرے گی۔ ہم کشمیریوں کی ہمیشہ خواہش ہوتی ہے کہ پاکستان مضبوط و مستحکم ہو کیونکہ ایک مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میںامریکہ، برطانیہ، یورپ، ہانگ کانگ، چین اور دنیا بھر سے آئے ہوئے اوورسیز کشمیریوں کے نمائندوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پراجلاس میںفرانس سے زاہداقبال ہاشمی،آئرلینڈ سے پیر شیرازحسین،امریکہ سے انجم چوہان، سویڈن سے سردار مشتاق خان، راجہ طاہر(آئرلینڈ)، نثار اسلم(آئرلینڈ)، میاں وقاص(آئرلینڈ)، کاشف لطیف(بیلجیئم)، شیخ مقصود(برطانیہ)، راجہ زیب خان (ہالینڈ) ، ڈاکٹر امتیاز (اٹلی)، چوہدری اللہ دتہ(ہانگ کانگ ، چین)، چوہدری شیراز (ہانگ کانگ )،چوہدری بلال (ہانگ کانگ )میاں عبدالجبار(ہیلی فیکس)،چوہدری امجد بٹ (مانچسٹر)، چوہدری صغیر(برطانیہ) چوہدری جاوید(سماہنی، مانچسٹر)، چوہدری سردار(سماہنی، اولڈ ھم)اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر اجلاس میں کشمیری خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی جن میں سے بیشتر خواتین کا تعلق فرانس اور آئرلینڈ سے تھا۔اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک ہونے والی کانفرنس میں جہاں مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز اُٹھائی جائے گی وہاں دنیا کی مختلف پارلیمنٹس میں بھی اس سلسلے میں آواز اُ ٹھائے جانے کے علاوہ دنیا بھر کے مختلف ممالک کے دارالحکومتوں میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔برطانیہ میں مقیم کشمیری 4جولائی کو ہونے والے برطانوی انتخابات میں ایسے امیدواروں کو ووٹ دیں جو مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کے موقف کی تائید کرتے ہوں۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اب وقت ہے کہ ہمیں متحد اور متفق ہو کر مزید متحرک انداز میں عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف جارحانہ انداز میں آواز اُٹھانی ہو گی، اس کے لئے بیرون ممالک میں آباد کشمیری مظلوم کشمیریوں کی آوازموثر انداز میں دنیا بھر کے ایوانوں تک پہنچا کر بین الاقوامی ضمیر کو جھنجوڑ کر رکھ دیں اور بھارت کو دفاعی پوزیشن پر لا ئیں تاکہ مودی جو مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت میں انتہاء کیے ہوئے ہے اور آرٹیکل 370اور 35-Aکے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے ۔ایسی صورتحال میں بھارت کی ان ریشہ دوانیوں کو عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کر کے مودی اور بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے آشکار کرنا ہو گا۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں نے جہاں دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر پر آواز
اُٹھائی وہاں میںنے سرینگر کے لال چوک میں کشمیری عوام سے خطاب کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ میں اُس وقت تک آپ کے ساتھ ہوں جب تک مقبوضہ کشمیر بھارت کے جابرانہ، غاصبانہ قبضے سے آزاد نہیں ہو جاتا۔ لہذا اس سلسلے میں اوورسیز کشمیری اپنا متحرک کردار ادا کرنے کے لئے دنیا کے ہر فورم سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل، کشمیری عوام کو اُن پیدائشی حق خودارادیت دلوانے کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میںجاری بھارتی مظالم کے خلاف انٹرنیشنل کمیونٹی تک مظلوم کشمیریوں کی آواز پہنچانے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ اس موقع پر اس اجلاس میں شریک دنیا بھر کے کشمیریوں کے نمائندوں نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی والہانہ قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اختیار دیا کہ وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہم اُن کے ساتھ ہیں۔

بیرسٹرسلطانکشمیری متحرکمسئلہ کشمیر