بلوچستان سے کالعدم ٹی ٹی پی کی دفاعی شوریٰ کا کمانڈر گرفتار
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان میں دہشتگردوں کا اہم نیٹ ورک پکڑا گیا، کالعدم ٹی ٹی پی کی دفاعی شوریٰ کے سربراہ دہشت گرد نصراللہ عرف مولوی منصور کو گرفتار کر لیا گیا۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں دہشتگردی کے بارے میں بڑی کامیابی ملی ہے ، قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں نے ایک پیچیدہ آپریشن کیا، کارروائی میں اہم دہشتگرد کمانڈر کو گرفتار کیا گیا جن میں کمانڈر نصراللہ اور کمانڈر ادریس شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گرفتار کمانڈر نصراللہ ٹی ٹی پی شوری کے دفاعی کمیشن کا ممبر بھی رہا ہے، بعد ازاں انہوں نے دہشتگرد نصر اللہ کا ویڈیو پیغام سنایا۔ اپنے بیان میں گرفتار دہشتگرد نے بتایا کہ میرا نام نصر اللہ ہے، میرا تعلق محسود قبیلے سے ہے اور ان کے پلیٹ فارم سے تخریبی کارروائیوں میں حصہ لیتا رہا ہوں ، جب ٹی ٹی پی وجود میں آئی تو میں شامل ہوگیا۔گرفتار دہشتگرد کا کہنا تھا کہ سارے کاموں کے پیچھے انڈین خفیہ ایجنسی را کا ہاتھ تھا، میں ضرب عضب آپریشن کے دوران افغانستان فرار ہوگیا اور وہاں پکتیکا میں رہنے لگا، ان 16 سالوں میں میں نے پاکستان کی سکیورٹی اداروں کے خلاف دہشتگردانہ کارروائی میں حصہ لیا، میں نے شمالی وزیرستان، ڈیرہ اسمعیل خان، اور پاک افغان بارڈر میں پاک فوج کے مختلف پوسٹس پر کئی حملوں میں حصہ لیا ۔گرفتار کمانڈر نصر اللہ نے بتایا کہ گرفتاری کے وقت ٹی ٹی پی شوریٰ کے دفاعی کمیشن کے سربراہ کے طور پر کام کررہا تھا، میں تمام ترعسکری،مالی اور اقتصادی امور کو مرکزی طور پر کنٹرول کررہا تھا، ٹی ٹی پی کے تمام کمانڈر کھلے عام افغانستان میں گھوم پھر رہے ہیں، ٹی ٹی پی کے کمانڈرز کی پشت پناہی بھی انڈین خفیہ ایجنسی را کررہی ہے۔میر ضیا لانگو نے کہا کہ کمانڈرز کی گرفتاری پر انٹیلی جنس اداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، عالمی دنیا کے سامنے اب کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، ان واقعات کے پیچھے انڈیا کا ہاتھ ہے، بھارت کینیڈااورامریکا میں بھی ایسی کارروائیوں میں ملوث ہے ، ہندوستان 20سال سے پاکستان میں دہشتگردی افغانستان سے کرارہا ہے۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ایسے عناصر کو پہچانیں اپنی آنکھیں کھولیں، معصوم لوگوں کو ورغلا کر پہاڑوں پر لے جایا جاتا ہے، ایک طرف یہ اسلام کی بات کرتے ہیں عمل غیر اسلامی ہیں، طالبان کہتے ہیں پاکستان میں اسلامی نظام لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا انویسٹر ایک ہی ہے ، جو ان سے دو اینگلز سے کام لے رہا ہے، بلوچستان کے عوام کو میرا پیغام ہے کہ جو نوجوان پہاڑوں پر گئے ہیں ان کو ورغلایا اور گمراہ کیا گیا ہے، یہ پاکستان آپ کا وطن ہے اپنی سکیورٹی فورسز کا ساتھ دیں، دشمن کے عزائم آپ کے ملک کو دہشتگردی میں دھکیلنا چاہتے ہیں، آپ سب مل کر دہشتگردوں کے منصوبوں کو ناکام بنائیں۔ صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ ہمارے کچھ گمراہ لوگ اپنےخاندانوں کا بھی نقصان کررہے ہیں ، ہماری سکیورٹی ایجنسیز نے اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا، انٹیلی جنس ایجنسیز نے بہت بڑی تباہی کا منصوبہ بنانے والوں کو رنگے ہاتھوں پکڑا ہے ۔