چوہدری سالک سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلونے ملاقات
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرمذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلونے ملاقات کی، ملاقات میں مذہبی ہم آہنگی، احترام انسانیت، اورپاکستانی ورکرز کو ترکیہ روزگار کے مزید مواقع دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قلب کی مانند ہیں، پاکستان اور ترکیہ مذہب، تاریخ اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں،دونوں برادر ممالک علاقائی اور عالمی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں ، ہمیشہ علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے،
ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلونے مراکش کشتی حادثہ میں پاکستانیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہنر مندپاکستانیوں کوترکیہ میں روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں،
ترکیہ پاکستانی صنعتوں کو مشینری کی فراہمی میں اضافے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں تیکنیکی تربیت اور تعلیمی منصوبوں کو بھی وسعت دینے پر کام کررہا ہے، پاکستان میں متعدد ترک کمپنیاں کامیابی سے کام کررہی ہیں تاہم مشترکہ سرمایہ کاری اور تجارتی حجم میں اضافے کی بہت گنجائش ہے، پاکستان اور ترکی کے مابین پرخلوص بردارنہ تعلقات پائے جاتے ہیں اور دونوں ملک کے معاشی میدان میں کئی سنگ میل طے کرسکتے ہیں،
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ غیر قانونی طورپر انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے حکومت پاکستان مزید موثر اقدامات کر رہی ہے، گزشتہ ایک سال میں 6لاکھ پاکستانی روزگار کیلئے دیگر ممالک گئے،رواں مالی سال میں دسمبر2024تک سمندر پار پاکستانیوں نے 3.1ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر پاکستان بھجوائیں،
باہمی تجارت کے فروغ کے لیے پاکستان میں ترک بینکوں اور دونوں ممالک کے مابین بہتر بینکنگ چینلز کا قیام بھی ضروری ہے۔ملاقات میں انتہا پسندی و شدت پسندی کے خاتمے،بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اورپاکستانی ہنر مندوں کوعصر حاضر کے مطابق تکنیکی تعلیم کی فراہمی پر ایک دوسرے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔