یوم جمہوریہ بھارتی سامراج کے چہرے پر پڑا نقاب ہے،چوہدری یاسین
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)صدرپاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمدیٰسین نے کہا ہے کہ 26 جنوری کو بھارت کے حکمران نام نہاد یوم جمہوریت بنا کر اقوام عالم کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔یوم جمہوریہ بھارتی سامراج کے چہرے پر پڑا نقاب ہے جس کی آڑ لے کر بھارت اپنا مکروہ ظالمانہ سامراجی چہرہ چھپا کر دنیا کو دھوکا دیتا ہے۔
جموں و کشمیر پر بھارتی غاضبانہ قبضے کیخلاف پاکستان / آزادکشمیر کے عوام دنیا کو بھارتی مکروہ سامراجی چہرہ دکھانے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔ کشمیری بھارت کی غاصب 9 لاکھ مسلح افواج کیخلاف سینا تان کرکھڑے جواپنی مثال آپ ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی سفاک افواج ہی مظالم کی نت نئی داستان رقم کررہی ہے اورنام نہاد جمہوریت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کرتے ہوئے شہریوں کے حقوق غضب کرتے ہوئے کشمیریوں کی آزادی اظہار کے تمام ذرائع کو پابند بنانے کے لئے انہیں ہر طرح کے جمہوری حقوق اور قانون امداد سے محروم رکھنے کے لئے طرح طرح کے ظالمانہ سیاہ قوانین رائج کر رکھے ہیں۔
بھارتی کالے قوانین کے تحت کسی بھی کشمیری کو اپنے اوپر ہونے والے مظالم کیخلاف بھی آواز بلند کرنے کی اجازت نہیں۔ ان کے تمام انسانی اور جمہوری حقوق سلب کر لئے گئے ہیں۔۔ 26 جنوری کو یہ دہشت گرد بھارت اپنی نام نہاد یوم جمہوریہ بن کردنیا کو تو گمراہ کر سکتی ہے مگر کشمیری عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتی۔
کیونکہ وہ گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی مظالم سہتے آرہے ہیں۔ ان سات دہائیوں میں یہ نام نہاد جمہوریت ریاست جموں وکشمیر کے لاکھوں کشمیریوں کا لہو پی چکی ہے ہزاروں لٹی ہوئی عصمتیں، ہزاروں گمنام قبریں اس نام نہاد جمہوریت کا دعویٰ کرنے والے بھارت کا اصلی مکروہ سامراجی چہرہ بے نقاب کر رہے ہیں۔
26 جنوری 2022 ء کو بھی لاکھوں کشمیری اپنی آزادریاست میں بیرون ملک اور پاکستان میں بھارتی یوم جمہوریہ پر یوم سیاہ منا کر بھارت سے اپنی نفرت کا اظہارکررہے ہیں اور دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھاتے ہیں۔انہوں نے عالمی برداری سے اپیل کی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور جمہوری حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے لیے جانیوالے مظالم کا نوٹس لے کر بھارت کے خلاف سخت اقدامات کرے۔
انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی جبراً قبضہ کیخلاف کردار اداکریں۔ مظلوم کشمیریوں کے پیدائشی انسانی اور جمہوری حقوق کی بحالی کے لئے آواز بلند کریں
انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کوپیغام دیتے ہوئے کہاکہ کشمیرکی آزادی پرکوئی کمپرومائز نہیں کرینگے اسلام کی بلندی اور کشمیر کی آزادی پرجانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہیں وہ وقت دور نہیں کہ ہمارے مظلوم کشمیری بھائی بھی آزادی کی نعمت سے مالا مال ہونگے