سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے قافلہ پر فائرنگ کارکنان سراپا احتجاج، چھتر چوک نلوچھی پل بند
مظاہرین نے ٹائر جلا کر مین شاہرات کو بھی بند کر دیا ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ چوہدری لطیف اکبر کے حق میں نعرے بازی
مظفر آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد مظاہرین نے ٹائر جلا کر مرکزی شاہراہیں بند کر دیں اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے چوہدری لطیف اکبر کے حق میں نعرے بازی کی اور انتظامیہ پر شدید تنقید کی۔ اسپیکر اسمبلی نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چار دہائیوں سے بدمعاشی اور ظلم کے خلاف جدوجہد کرتے آ رہے ہیں اور ان ہتھکنڈوں سے ان کے راستے نہیں روکے جا سکتے۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں فیصل ممتاز راٹھور، جاوید ایوب،جاوید اقبال بڈھانوی ،ولید انقلابی،شوکت جاوید میر، نے واقعے کی شدید مذمت کی اور اسے جمہوری اقدار اور امن و امان کے خلاف سازش قرار دیا۔ رہنماؤں نے حکومت سے ملزمان کی فوری گرفتاری، غیر جانبدار تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام اور مستقبل میں ایسے واقعات کے سدباب کا مطالبہ کیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنمائونے واقعے کو ریاست میں عوامی تحفظ پر سوالیہ نشان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسپیکر اسمبلی عدم تحفظ کا شکار ہیں تو عام شہریوں کا کیا حال ہوگا؟
پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ وہ بدمعاشی کی سیاست کے خلاف ہے لیکن اپنے قائدین پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ شوکت جاوید میر نے دھمکی دی کہ اگر ملزمان کو شام تک گرفتار نہ کیا گیا تو پورے آزاد کشمیر میں احتجاج کی کال دی جائے گی۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور عوام انصاف کے منتظر ہیں۔