ڈپٹی کمشنر پونچھ ممتاز کاظمی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کر دیا
راولاکوٹ (کشمیر ایکسپریس نیوز)ڈپٹی کمشنر پونچھ ممتاز کاظمی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کر دیا۔ 3 تا 7 فروری تک جاری رہنے والی پولیو مہم میں
ضلع بھر کے پانچ سال سے کم عمر 85885 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پولیو مہم کا آغاز ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا گیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نعیم الزماں ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سلیم ، ضلعی آفیسر اطلاعات ناصر لطیف ، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندوں ، محکمہ صحت عامہ کے ملازمین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پونچھ سید ممتاز کاظمی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر پولیو فری سٹیٹ ہے مگر پاکستان کے بعض علاقوں میں ابھی تک پولیو کا وائرس موجود ہے گزشتہ عرصے میں کچھ نئے پولیو کیسز کا سامنے آنا ہمارے لیے بھی تشویش کا باعث ہے۔ ہمارے لوگ جو بڑی تعداد میں پاکستان کے مختلف شہروں میں آباد ہیں جس سے خطرہ ہے کہ وائرس ہمارے علاقوں میں بھی آسکتا ہے جس سے بچنے کے لیے پولیو مہم کو کامیاب کرنا ہو گا۔
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ اس صورتحال میں آزاد کشمیر کا پولیو فری سٹیٹس برقرار رکھنا ھمارے لئے چیلنج سے کم نہیں انہوں نے پولیو کے متعلق عوام الناس میں شعور بیدار کرنے اور آگاہی مہم پر زور دیا اور عوام الناس سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے آنے والی ٹیموں سے تعاون کی اپیل کی انہوں نے پولیو مہم میں انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کا بھی یقین دلایا ۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نعیم نے بتایا کہ اس سال کی پہلی پولیو ویکسینیشن مہم 3 فروری سے شروع ہو کر 7 فروری تک جاری رہے گی، پولیو مہم کے دوران پیدائش سے لے کر 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی قطرے پلائے جائیں گے انہوں نے بتایا کہ
ضلع پونچھ میں پولیو مہم میں 85885 بچوں کا پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے چونکہ یہ بیماری انتہائی خطرناک ہے جس کی وجہ سے بچوں میں عمر بھر کی معذوری ہو سکتی ہے بچوں کو اس بیماری سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی غرض سے آمدہ قومی مہم کے لئے تمام ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ھے مہم کے لئے 561موبائل ٹیمیں اور 45 فکس سائیٹس اور 25 ٹرانزٹ پوائنٹس قائم ہیں۔ٹیموں کی نگرانی کے لئے 4 تحصیل سپروائزر 35 یونین کونسل سپروائزر 130 ایریا / وارڈ انچارجز مقرر کئے گئے ہیں۔اس مہم کے دوران موبائل ٹیمز گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں گی