راولاکوٹ جیل سے دہشتگرد سمیت 19 قیدی فرار،ایک مارا گیا
اسلام آباد ،راولا کوٹ( مانیٹرنگ ڈیسک ، بیورورپورٹ) راولاکوٹ ڈسٹرکٹ جیل سے دہشتگرد سمیت 19 قیدی فرار ہوگئے جبکہ 1 فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایک قیدی نے مرکزی دروازے پر موجود سنتری کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا، فرار ہونے والے قیدیوں میں غازی شہزاد نامی قیدی بھی شامل جسے سی ٹی ڈی نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ غازی شہزاد کا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم سے تھا، غازی شہزاد گڑالہ پلندری کا رہائشی تھا، انیس قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، ایک قیدی فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا
ذرائع کے مطابق راولاکوٹ جیل میں قیدیوں کے فرار کا واقعہ آج دوپہر دو سے ڈھائی بجے کے دوران پیش آیا۔ اس دوران ایک قیدی نے مرکزی دروازے پرموجود سنتری کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا اورباقی قیدی نکل بھاگے۔
پولیس کی فائرنگ سے ایک قیدی زخمی ہوگیا جو ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ فرار ہونے والے قیدیوں کا سربراہ غازی شہزاد کالعدم تنظیم سے وابستہ اور گڑالہ پلندری کا رہائشی تھا،جسے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیاتھا۔
راولاکوٹ میں مختلف راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی، قیدیوں کو پکڑنے کیلئے پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی۔
راولاکوٹ جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے کے معاملے پر حکومت آزادکشمیر کے مشیر برائے جیل خانہ جات سردار احمد صغیر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات سے قیدیوں کے فرار ہونے کی بابت رپورٹ طلب کر لی ہے.
مشیر حکومت برائے جیل خانہ جات آزادکشمیر سردار احمد صغیر خان نے ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ سے قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔
مشیر حکومت برائے جیل خانہ جات سردار احمد صغیر نے ڈسٹرکٹ جیل سے قیدیوں کے فرار کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر معمولی واقعی ہے جس پر افسوس ہوا، غفلت برتنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔