وزیر اعظم آذربائیجان علی اسدوف سے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی باکو میں ملاقات
باکو میں پاکستانی وفد کے انرجی، ٹرانسپورٹ اور اقتصادی امور کے وزراء سے اہم اجلاس
وزیر اعظم پاکستان رواں ماہ وسط ایشیائی ممالک کا دورہ کریں گے، عبدالعلیم خان
باکو(کشمیر ایکسپریس نیوز)۔آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسدوف سے پاکستانی وفد کے سربراہ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے باکو میں ملاقات کی اور اُن کے لئے پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے رواں ماہ کے سینٹرل ایشیائی ممالک کے دورے پر بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ پاکستان میں سرکاری شعبے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری سمیت سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں، اسی طرح آذربائیجان پاکستان میں موٹرویز اور مختلف شعبوں میں انویسٹمنٹ کر سکتا ہے جس کے لئے ہر ممکن تعاون عمل میں لائیں گے۔
وزیر اعظم آذربائیجان نے پاکستانی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال آذربائیجان کے صدر دورہ پاکستان سے باہمی تعاون میں اضافہ ہوا اور دونوں ممالک اخوت اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے میں منسلک ہیں جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
باکو میں ہونے والے اس اجلاس میں آذربائیجان اور پاکستان کے مابین سٹریٹیجک پارٹنر شپ کے مختلف امور زیر بحث آئے جبکہ آذربائیجان کے وزیر اعظم کی کابینہ کے وزراء نے بھی اجلاس میں شرکت اور مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی کااظہارکیا۔
وفاقی وزیر،نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی طرف سے دورہ آذربائیجان کو یادگار اور پر اُمید قراردیا گیا، وزیر اعظم سے ملاقات خوشگوار رہی، دونوں اطراف سے اعلیٰ سطحی وفود موجود تھے جبکہ مستقبل میں مزید رابطوں پر اتفاق رائے ہوا۔
پاکستانی وفد نے باکو، آذربائیجان میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی قیادت میں سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ،انرجی اور اقتصادی امور کے وزراء صاحبان سے ملاقاتیں کیں۔عبدالعلیم خان سے ملاقات کرنے والوں میں آذربائیجان کے وزیر توانائی پرویز شہبازوف، وزیر ٹرانسپورٹ راشد نبی اوف، ڈپٹی منسٹر اقتصادی امور صمد بشیری اور سٹیٹ آئل کمپنی آف ری پبلک آف آذربائیجان کے صدر روشن نجف شامل تھے۔
اس موقع پر ہونے والے اجلاسوں میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے دو طرفہ امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور پاکستان میں موٹرویز سمیت مختلف شعبوں میں انویسٹمنٹ کے امور زیر بحث آئے۔
و فاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہبا زشریف اسی ماہ وسط ایشیائی ممالک کا دورہ کریں گے جبکہ آذربائیجان سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے 2ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے۔ انہوں نے سرکاری انتظام میں چلنے والے اداروں کی نجکاری اور سرمایہ کاری کے دیگر امور پر بھی بات چیت کی۔
آذربائیجان کے وزراء صاحبان نے پاکستانی وفد کا والہانہ خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ پاکستان سے ایس آئی ایف سی کے کو آرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد، وفاقی سیکرٹری پٹرولیم مومن علی آغا اور سینئر حکام نے ان اجلاسوں میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی معاونت کی جبکہ باکو میں سٹیٹ آئل کمپنی آف ری پبلک آف آذربائیجان کے صدر روشن نجف نے بھی پاکستان سے دو طرفہ تعاون بڑھانے اور تجارت کے باہمی امورمیں اضافے پر بات چیت کی۔
اس دورے میں دونوں ممالک کے مابین معاہدوں کی مختلف یاداشتوں پر بھی کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا اور پاکستان سے وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی راہداریوں، ریل و دیگر ذرائع مواصلات پر خصوصی گفتگو ہوئی۔