یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرکھوئیرٹہ میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کیلئےخصوصی تقریبات
کھوئیرٹہ (کشمیر ایکسپریس نیوز)یوم یکجہتی کشمیر” کے موقع پر پورے پاکستان و آزاد کشمیر کی طرح سب ڈویژن کھوئیرٹہ میں بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے خصوصی تقریبات کاانعقاد کیا گیا۔
دن کا آغاز مساجد و مدارس میں مملکت خداداد پاکستان کی سالمیت اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا۔ مرکزی تقریب سب ڈویژنل انتظامیہ اور ٹاؤن کمیٹی کے زیر اہتمام کھوئیرٹہ پل پر منعقد ہوئی جس میں جملہ سیاسی قیادت، سول سوسائٹی، تاجران، سماجی و مذہبی تنظیم ہا ، سکولز و کالجز ،ملازمین محکمہ جات، ملازمین تنظیم ہا، بلدیاتی نمائندگان، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور زندگی کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
ٹھیک 10:00بجے سائرن بجایا گیا جس پر سب ڈویژن میں تمام ٹریفک رک گئی اور شہداء افواج پاکستان و تحریک آزادئ کشمیر کے لیے قربانیاں دینے والوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
اس موقع پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ جس کے بعد انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ شرکاء نے آزادی ، پاکستان زندہ باد ، پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ اللہ ، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بلند کیے۔ بعد ازاں کھوئیرٹہ پل سے العزیز ویلفئر ٹرسٹ تک اسسٹنٹ کمشنر کھوئیرٹہ تنویرالاسلام کی قیادت میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء العزیز ٹرسٹ کے احاطہ میں جمع ہوئے جہاں اجتماع سے جملہ سیاسی قیادت، سول سوسائٹی ، میڈیا اور شہری و ملازمین تنظیموں نے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنی تقاریر میں پاکستان کے ساتھ کشمیری عوام کے لازوال رشتے ، افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی جارحیت و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تکمیل پاکستان ہے۔
الحاق پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے۔ اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی آزادی کی نعمت سے ہمکنارہوں گے۔ یوم یکجہتی کے حوالہ سے سکولز اور کالجز کے علاوہ مذہبی ، سیاسی و سماجی تنظیم ہا کی جانب سے تمام سب ڈویژن میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب ایپسما تحصیل کھوئیرٹہ کے زیر اہتمام یومِ یکجتی کشمیر کے موقع پر ریلی اور ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی ملک بھر کی طرح کھوئیرٹہ میں بھی ایپسما تحصیل کھوئیرٹہ کے زیر اہتمام دار ارقم سکولز بوائز ابوبکر کیمپس سے خاور شہاب شہید گرائمر سکول تک ریلی اور ہاتھوں کی زنجیر بنائی
ریلی کی قیادت صدر ایپسما تحصیل کھوئیرٹہ مظہر اقبال چوہدری ، نائب صدر ایپسما تحصیل کھوئیرٹہ عاصم ڈار ، فوکل پرسن سپورٹس ایپسما تحصیل کھوئیرٹہ راجہ عمر محبوب ، نے کی ریلی میں دار ارقم سکولز بوائز ابوبکر کیمپس کھوئیرٹہ ، بی اے کوئنز سکول کھوئیرٹہ ، آدم پبلک کالج کھوئیرٹہ ، خاور شہاب شہید گرائمر سکول کھوئیرٹہ اور گلزار انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کھوئیرٹہ کے بچوں اور اساتذہ نے شرکت کی
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایپسما تحصیل کھوئیرٹہ نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی عوام مقبوضہ کشمیر کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھی آزادی جیسی عظیم نعمت نصیب ہو گی آخر میں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی