190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت منظور،حکومت کا ہربندہ شیطان،بشریٰ بی بی
راولپنڈی( مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی درخواست منظور کرلی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کہا کہ بشری بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں، چیئرمین نیب نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے،جب وارنٹ جاری نہیں ہوئے تو درخواست ضمانت غیر مؤثر ہے، 10 ماہ قبل بھی ہمارا یہی مؤقف تھا کہ بشری بی بی کے وارنٹ جاری نہیں کیے۔عدالت نے بشری بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس کی مزید سماعت 5 جولائی تک ملتوی کر دی سماعت کے دوران استغاثہ کے تین گواہان پر وکلا صفائی نے جرح مکمل کر لی۔ ریفرنس میں مجموعی طور پر 27 گواہان پر جرح مکمل کی جاچکی ہے۔جیل حکام کا کہنا ہے کہ ضمانت منظور ہونے کے باوجود بشری بی بی کو رہا نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ عدت میں نکاح کیس میں سزا کاٹ رہی ہیں۔دریں اثناءبانی چیئرمین کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک اور فوج کی بدنامی کا باعث ہے جس کا ہر بندہ شیطان ہے۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالم برزخ میں ایک مقام ہے علیین جو متقی، پرہیزگار اور صالحین کے لیے ہے جب کہ ایک مقام یہاں ہے جہاں شیطانوں کی حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک پر فراڈیوں اور چوروں کی حکومت ہے، یہ حکومت ملک اور فوج کی بدنامی کا باعث ہے اس حکومت کا ایک ایک بندہ شیطان ہے۔بشریٰ بی بی نے مزید کہا کہ یہ حکومت ہمیں کیا گرائے گی انہیں تو رب ہی گرا دے گا۔