الحرا اسلامک سنٹر بریڈفورڈ میں یوکے اسلامک مشن کے زیر اہتمام شاندار بین المذاہب یونیٹی افطار
بریڈفورڈ (کشمیر ایکسپریس نیوز) یوکے اسلامک مشن کے زیر اہتمام الحرا اسلامک سنٹر بریڈفورڈ میں ایک شاندار بین المذاہب یونیٹی افطار کا انعقاد کیا گیا، جس مختلف مذاہب، ثقافتوں اور کمیونیٹیز کے رہنماؤں، سیاسی شخصیات، سماجی کارکنوں اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ اس بابرکت اجتماع کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا، اسلام کے امن و آشتی کے پیغام کو عام کرنا اور اسلاموفوبیا جیسے اہم مسئلے پر مثبت مکالمہ کرنا تھا۔
تقریب میں برطانوی پارلیمنٹ کی ڈپٹی اسپیکر جیوڈتھ کامنز، ممبر پارلیمنٹ عمران حسین، بریڈفورڈ کونسل کی لیڈر سوزن ہنچکلف، مقامی کونسلرز، یونیورسٹی آف بریڈفورڈ کے نمائندے، یارکشائر پولیس، گرجا گھروں، مقامی اسکولوں، پاکستانی مسیحی کمیونٹی کے نمائندگان اور دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ اس موقع پر معروف سماجی اور مذہبی رہنماؤں نے بین المذاہب مکالمے کی ضرورت، باہمی احترام اور معاشرتی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نسیم اشرف نے یوکے اسلامک مشن کی سماجی خدمات پر روشنی ڈالی اور اسلام کی آفاقی تعلیمات، امن، رواداری اور مساوات کے پیغام کو اجاگر کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام میں کوئی جبر نہیں بلکہ یہ ایک ایسا دین ہے جو باہمی احترام، محبت اور یکجہتی کی تعلیم دیتا ہے۔
رکن پارلیمنٹ عمران حسین نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے چیلنجز پر گفتگو کرتے ہوئے اس کے تدارک کے لیے مؤثر پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کے ذریعے ہی غلط فہمیوں کا خاتمہ اور حقیقی ہم آہنگی ممکن ہے۔
بریڈفورڈ یونیورسٹی کی سوشل جسٹس سوسائٹی کی صدر سامعہ مغل اور دیگر خواتین مقررین نے اسلام میں خواتین کے حقوق پر مدلل گفتگو کی۔ انہوں نے اس حوالے سے موجودہ مغالطوں کو دور کرتے ہوئے اسلام کی اصل تعلیمات کی وضاحت کی اور خواتین کی سماجی شمولیت پر زور دیا۔
حافظ محمد آزاد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہے تاکہ اسلام کے بارے میں پائے جانے والے غلط تاثرات کا ازالہ کیا جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کو قرآن کریم کے نسخے تحفے میں پیش کیے گئے تاکہ اسلام کے حقیقی پیغام کو مزید فروغ دیا جا سکے تقریب میں شریک سماجی رہنماؤں ڈاکٹر جاوید بشیر ، ناتھن جاوید ،کونسلر تاج اسلام ، کونسلر صبیحہ خان ، معروف سئینر جرنلسٹ محمد ادریس ، ایڈیٹر کشمیر ایکسپریس شمیم اشرف اور دیگر رہنماؤں نے اس یونیٹی افطار کو ایک کامیاب اور بامقصد تقریب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے نہ صرف مختلف برادریوں کے درمیان مکالمے کو مضبوط کیا بلکہ اسلام کی اصل تعلیمات کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ بلا شبہ، خواتین رہنماؤں، اسکالرز اور کمیونٹی ممبران کی موجودگی نے اس تقریب کو مزید مؤثر بنایا اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے نئی راہیں ہموار کیں۔
یوکے اسلامک مشن کی یہ کاوش مستقبل میں بھی ایسی تقریبات کے انعقاد کے لیے ایک مثبت مثال بنے گی تاکہ معاشرتی ہم آہنگی، بھائی چارے اور بین المذاہب رواداری کو مزید فروغ دیا جا سکے