وزیراعظم انوارالحق کاعباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزکادورہ
مظفرآباد( وقائع نگار)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے گذشتہ روز دارالحکومت مظفرآباد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا. وزیراعظم آزاد کشمیر نے گوجرہ, جلال آباد، سائیں سہیلی سرکاراور طارق آباد نالوں کا معائنہ کیا. اس موقع پر وزراء حکومت فیصل ممتاز راٹھور, جاوید اقبال بڈھانوی, چوہدری محمد رشید, ڈائریکٹر جنرل سٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی مسعودالرحمن, کمشنر عدنان خورشید اور ڈپٹی کمشنر بھی ہمراہ تھے. اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ تمام نالوں میں جہاں آبادی کو خطرہ ہے وہاں لوگوں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت دیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کی وجہ سے جہاں جہاں آبادی کو خطرہ ہے وہاں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے. وزیر اعظم نے کہاکہ نالوں میں پانی کے راستے سے رکاوٹیں دور کی جائیں۔ وزیراعظم نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مون سون کے دوران نالوں کی صفائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لوگوں کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے عوام کو موسمی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔ انھوں نے کہاکہ مون سون میں کسی بھی غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے ہمہ تن چوکس رہیں اور عوام کو ہر ممکن تحفظ اور فوری مدد فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔دریں اثناءوزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے گذشتہ رات عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی، ادویات اور ضروری آلات کی جلد خریداری کی ہدایات دیں. موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور, چوہدری اظہر صادق, نثار انصر ابدالی اور فہیم اختر ربانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے. اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا اور مریضوں کو ادویات سمیت دیگر دی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا. وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے اوٹی، گائنی اور ایمرجنسی کے مریضوں کے لئے 100سو فیصد مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی فراہمی اور ضروری آلات کی خریداری کے لئے اضافی فنڈز کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کو غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے صفائی اور دیگر ضروری سٹاف کی کمی کو دور کرنے کے لئے فوری طور پر 20 کنٹیجنٹ آسامیوں کی فراہمی کا اعلان کیاہے۔ وزیراعظم نے مریضوں کی سہولیات کے لئے سٹی سکین، ایم آر آئی اور دیگر ضروری آلات بعجلت ممکنہ فراہمی کے لئے موقع پر ہدایت دی۔ آخر میں وزیراعظم آزادکشمیر نے تین ماہ قبل اپنے گذشتہ دورہ کے حوالہ سے ہسپتال میں سروسزکی بہتری پر مینیجنگ ڈائریکٹر عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہسپتال میں رات کی سروسز کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی دی۔