جامع مسجد عثمانیہ بریڈفورڈ میں حضرت مولانا پیر محمد عتیق الرحمن رحمۃ اللہ علیہ کے ساتویں عرس کی روح پرور تقریب
بریڈفورڈ (نمائندہ خصوصی )جامع مسجد عثمانیہ بریڈفورڈ میں حضرت مولانا پیر محمد عتیق الرحمٰن رحمۃ اللہ علیہ کا ساتواں سالانہ عرس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس روحانی تقریب میں شہر بھر سے علما کرام، مشائخ عظام، کمیونٹی رہنما اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
عرس کی تقریب کی صدارت مفتی کشمیر حضرت مفتی اسلم نقشبندی صاحب نے فرمائی، جبکہ جامع مسجد عثمانیہ کے مہتمم جناب مفتی محمد بشیر احمد طاہر نقشبندی، پیر سید سلطان حسین شاہ مشہدی، علامہ قاری علی اظہر ،مولانا الفت نوشاہی، علامہ قاری محمد اشرف اور دیگر معزز علما نے بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں حضرت پیر عتیق الرحمن رحمۃ اللہ علیہ کی علمی، روحانی، سماجی و دینی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے خاص طور پر عقیدۂ ختمِ نبوت کے تحفظ، خدمتِ انسانیت، اور دین اسلام کے فروغ میں ان کے کردار کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
عرس کی تقریب کے اختتام پر حضرت پیر صاحب کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس میں ان کے درجات کی بلندی اور امت مسلمہ کی خیر و سلامتی کی دعائیں مانگی گئیں۔
یہ تقریب نہ صرف ایک روحانی تجدیدِ عہد تھی، بلکہ حضرت پیر محمد عتیق الرحمن رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی اور تعلیمات کو یاد کرنے اور اپنانے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ثابت ہوئی۔