کے ایس ایل کی تیاریاں مکمل، سردار گروپ آف کمپنیز کاشمولیت کا اعلان
تقریب میں شاہد آفریدی، محمد حفیظ، عبدالرزاق اور عمران عباس سمیت نامور شخصیات کی شرکت
اسلام آباد (رازق بھٹی) ریاست جموں و کشمیر کے کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی۔ کشمیر سپریم لیگ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ سردار گروپ آف کمپنیز نے بھی لیگ کا حصہ بننے کا اعلان کر دیا ہے۔ سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان لیگ کے پیٹرن ان چیف مقرر ہو گئے۔
اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں کشمیر سپریم لیگ اور سردار گروپ آف کمپنیز کے درمیان معاہدے پر دستخط کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں اسٹار کرکٹرز شاہد خان آفریدی، محمد حفیظ، عبدالرزاق اور معروف اداکار عمران عباس سمیت ملک کی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی اور عمران عباس نے سردار تنویر الیاس خان کو لیگ میں خوش آمدید کہا اور کشمیری نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے اس اقدام کو سراہا۔
سردار تنویر الیاس خان نے اپنے خطاب کا آغاز فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر شدید احتجاج سے کیا۔ انہوں نے شرکاء سے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کی اپیل کی، جس پر ہال میں موجود تمام افراد نے کھڑے ہو کر مظلوموں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
اپنے خطاب میں سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ کشمیر سپریم لیگ کشمیری نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر ثابت ہوگی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ نوجوانوں کے کرکٹ ٹیلنٹ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے گا اور یہ لیگ پاکستان کی کامیاب ترین لیگ بنے گی۔
یاد رہے کہ کشمیر سپریم لیگ کا مقصد کشمیری نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں اور کرکٹ کی دنیا میں اپنے خوابوں کو حقیقت کا رنگ دے سکیں۔