وزیر ٹیوٹا آزاد کشمیر سردار عامر الطاف ، کمشنر پونچھ و ڈی آئی جی پولیس کا ہجیرہ کا دورہ، ایمرجنسی کنٹرول روم کا معائنہ اور فائرنگ سے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم
ہجیرہ (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر ٹیوٹا سردار عامر الطاف ، کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریجن سردار ظہیر احمد نے تحصیل ہجیرہ کا دورہ کیا۔ وفد نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ہجیرہ میں قائم ایمرجنسی کنٹرول روم کا معائنہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات و انتظامات کا جائزہ لیا۔ جبکہ فائرنگ سے متاثرین میں امدادی چیک بھی تقسیم کیے گئے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر ٹیوٹا سردار عامر الطاف نے کہا کہ قوموں پر جب مشکل وقت آتا ہے تو وہ ہمت، حوصلے اور جوان مردی سے اس کا مقابلہ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانا ہوں گے۔
کمشنر پونچھ مسعود الرحمن نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ضلعی انتظامیہ ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریجن سردار ظہیر احمد نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس فورس پوری طرح متحرک ہے۔ عوام اور فورس کے تعاون سے امن و استحکام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے رہ کر دشمن کی ہر جارحیت کا جواب دیا جائے گا