اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اور اسلام آباد ڈائگناسٹک سینٹر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
رجسٹرڈ اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے قریبی اہل خانہ (بیوی/شوہر، بچے اور والدین) کو اسلام آباد ڈائگناسٹک سینٹر کی تمام برانچز میں لیبارٹری ٹیسٹ پر 30 فیصد اور امیجنگ سروسز پر 20 فیصد رعایت دی جائے گی۔
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) اور اسلام آباد ڈائگناسٹک سینٹر (IDC) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کو معیاری اور سستی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز OPF سید قمر رضا، اور ڈائریکٹر آپریشنز و ہیومن ریسورسز IDC کرنل (ر) محمد صدیق نے شرکت کی، جبکہ دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
چیئرمین OPF سید قمر رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کی مسلسل کاوشوں کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے OPF کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور یہ معاہدہ اسی مشن کا تسلسل ہے۔
اسلام آباد ڈائگناسٹک سینٹر کے ڈائریکٹر آپریشنز کرنل (ر) محمد صدیق نے OPF کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور IDC کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر رضوان اپل کو خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو رعایتی طبی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے IDC کی جانب سے روڈ سیفٹی کمپین کے تحت شروع کی گئی کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبیلیٹی (CSR) اسکیم کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت سڑک حادثے کا شکار رجسٹرڈ مریضوں کو ملک بھر میں 400 سے زائد پینل اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس کی حد 5 لاکھ روپے تک ہے۔
معاہدے کے تحت، رجسٹرڈ اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے قریبی اہل خانہ (بیوی/شوہر، بچے اور والدین) کو اسلام آباد ڈائگناسٹک سینٹر کی تمام برانچز میں لیبارٹری ٹیسٹ پر 30 فیصد اور امیجنگ سروسز پر 20 فیصد رعایت دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے IDC نے “اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (کیش پینل) ممبرز” کے نام سے ایک نیا پینل تشکیل دیا ہے، اور تمام برانچز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ OPF ممبرشپ کارڈ، پروٹیکٹر آفس کی مہر، اور فیملی ریلیشن شپ کا درست ثبوت (FRC، CNIC یا NICOP) کی بنیاد پر رعایتی سہولت دی جائے۔