بھارت نے پاکستان کے 3 فضائی اڈوں پر میزائل داغے، تمام اثاثے محفوظ ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے تین اہم فضائی اڈوں — نورخان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ بیس — کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے، تاہم پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔
رات گئے پریس بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل فائر کیے گئے، جو کہ براہ راست پاکستان کی خودمختاری پر حملہ تصور کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاعی نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے ممکنہ نقصان کو روک لیا۔
ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ بھارت نے افغانستان کی سرزمین پر بھی میزائل داغے ہیں، حتیٰ کہ ایک ڈرون حملہ بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ “بھارت اپنی مکاری اور مذموم عزائم سے پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔”
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے بھارت کو براہ راست پیغام دیتے ہوئے کہا، “بھارت ہمارے جواب کا انتظار کرے۔”
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم بھارت کی مکاری، جھوٹے پروپیگنڈے اور جارحیت سے مرعوب ہونے والی نہیں، اور ملکی سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔