ملک بھر میں موٹرویز کے اطراف شجرکاری کا 25سالہ پلان

ملک بھر میں موٹرویز کے اطراف شجرکاری کا 25سالہ پلان،نجی شعبے کو اراضی لیز پر دینے کا اعلان

پھلدار پودے ماحولیاتی بہتری اور خوشگوار سفر کا باعث ہوں گے:وفاقی وزراء

 

تین دنوں میں ٹھوس تجاویز، وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور مصد ق ملک کا اجلاس

 

اسلام آباد۔(سٹاف رپورٹر)ملک بھر کی موٹرویز کے دونوں اطراف پھلدار درخت لگانے اور وسیع پیمانے پر شجر کاری کرنے کے لئے بڑے منصوبے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے جس کے مطابق سرکاری محکموں کی کم سے کم مداخلت کے ساتھ 25سالہ پلان تشکیل دیا جائے گا جس میں نجی شعبے کو سرکاری اراضی لیز پر دینے کی تجویز کو قابل عمل بنانے کے لئے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں گے۔ فیصلہ

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کے ہمراہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس کےدوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ماحول کو سرسبز اور خوشگوار بنانا ہماری معاشرتی ہی نہیں بلکہ اخلاقی اور مذہبی ذمہ داری بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی سے کوئٹہ،پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موٹرویز کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہوں پر بھی پودے لگانے کیلئے مربوط منصوبہ بندی ہونی چاہیے اور زرعی ماہرین اور فارمرز کو اس نیک مقصد کے لئے آگے آنا چاہیے۔

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے آئندہ تین دنوں میں اس ضمن میں ٹھوس تجاویز کی تیاری کی ہدایت کی اور محکمہ مواصلات کے اشتراک سے اس منصوبے پر عملدرآمد پر اتفاق کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے یقین دلایا کہ اُن کا محکمہ ڈیٹا کے تبادلے، اراضی کی نشاندہی اور دیگر معاملات میں بھرپور تعاون کرے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ موٹرویز کے سفر کو خوشگوار اور ماحول کو بہتر بنانا پہلی ترجیح ہے جس کے لئے ہر علاقے کی پیداوار کے مطابق پھلدار درخت کاشت ہونے چاہئیں۔انہوں نے مزید کہاکہ موٹرویز کے اطراف گرین ایریاز میں اضافہ خوشگوار ثابت ہوگا اور مستقبل کو ماحول دوست بنانے کیلئے یہ منصوبہ نمایاں کردار کا حامل ہوگا۔ اس اجلاس میں چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی،آئی جی موٹرویز پولیس اور موسمیاتی تبدیلی کے وزارت کے سینئر افسران نے شرکت کی اور منصوبے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔

ملک بھر میں موٹرویز کے اطراف شجرکاری کا 25سالہ پلان
Comments (0)
Add Comment