پاکستانی نوجوان بیداراورقوم کاروشن مستقبل ہیں:ڈاکٹرحمیرا

یوتھ گالا اسلام آباد,پاکستانی نوجوان بیدار اورقوم کاروشن مستقبل ہیں: ڈاکٹر حمیرا طارق

*ہماری نوجوان دشمن کی چالوں سے چوکنا ہے ۔ثمینہ سعید*

*”کلمہ طیبہ” پاکستان کی بنیاد ہے۔عفت سجاد*
*یوتھ گالا اسلام آباد سے خطاب*

اسلام آباد (پریس ریلیز) سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کی قابلیت اور صلاحیت قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ قائداعظم کے سنہری اصولوں پر عمل کرکے ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

وہ جے آئی یوتھ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ یوتھ گالا سے خطاب کر رہی تھیں، جس میں یونیورسٹیز و کالجز کی طالبات، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ دشمن قوتیں نوجوانوں کو مایوس کرکے، لسانی و مذہبی منافرت پھیلا کر کمزور کرنا چاہتی ہیں، مگر اللہ کی مدد اور افواج پاکستان کی بروقت حکمت عملی سے یہ عزائم ناکام بنائے گئے۔ افواج پاکستان کے آپریشن “بنیان مرصوص” نے پونے چار گھنٹے کی لڑائی میں دشمن کو شکست دے کر دنیا کو حیران کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ترقی و خوشحالی کا انحصار نوجوان نسل پر ہے۔ امہات المومنین اور صحابیاتؓ ہماری رول ماڈل ہیں۔ عورت سنورتی ہے تو نسلیں سنورتی ہیں اور قومیں بیدار ہوتی ہیں۔ قرآن کی تعلیمات اور نظریہ پاکستان کو نئی نسل تک منتقل کرنا ہر خاتون کی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے کہا کہ قائداعظم کے تین سنہری اصول — اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم پر عمل کر کے ہم نہ صرف اندرونی و بیرونی دشمنوں کو شکست دے سکتے ہیں بلکہ ترقی کی منازل بھی طے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن بہت شاطر ہے، یہ جنگ دوبارہ بھی چھیڑ سکتا ہے، لیکن ہماری نوجوان نسل بیدار ہے اور دشمن کی چالوں کو پہچان چکی ہے۔ جماعت اسلامی اس جدوجہد میں ہمیشہ قوم اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔

ڈپٹی سیکریٹری عفت سجاد نے کہا کہ “کلمہ طیبہ” پاکستان کی بنیاد ہے۔ ہماری نوجوان نسل نہ صرف ایمان سے سرشار ہے بلکہ اس میں قابلیت بھی موجود ہے۔ یہی جذبہ قوم کو ترقی کی راہ پر لے جائے گا۔

یوتھ گالا سے معروف یوتھ ٹرینر، کالم نگار اور مصنف زبیر منصوری، عظمیٰ شبیر، سمعیہ اعجاز (نگران جے آئی یوتھ اسلام آباد) اور قدسیہ ناموس (ناظمہ حلقہ اسلام آباد) نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں قرأت، پینٹنگ، فوٹوگرافی، ویڈیو میکنگ اور پوسٹر سازی کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو انعامات دیے گئے، جبکہ مختلف اسٹالز بھی گالا کا حصہ تھے۔#

پاکستانی نوجوان بیداراورقوم کاروشن مستقبل ہیں:ڈاکٹرحمیرایوتھ گالا
Comments (0)
Add Comment