بریڈفورڈ،کونسلرمحمد شفیق لارڈمیئر،فوزیہ ڈپٹی لارڈمیئر منتخب

کونسلر محمد شفیق لارڈ میئر، فوزیہ شاہین ڈپٹی لارڈ میئر منتخب

نویں کشمیری نژاد مسلم لارڈ میئر کا انتخاب، برطانوی پاکستانیوں کے لیے ایک اور سنگ میل

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل )بریڈفورڈ سٹی کونسل کی سالانہ حلف برداری تقریب میں کونسلر محمد شفیق نے لارڈ میئر اور کونسلر فوزیہ شاہین نے ڈپٹی لارڈ میئر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ یہ موقع نہ صرف بریڈفورڈ کے لیے بلکہ برطانیہ بھر کی پاکستانی و کشمیری برادری کے لیے فخر کا لمحہ تھا۔

تقریب میں سابق لارڈ میئر بیو مولینی نے اپنے عہدے کی مدت مکمل ہونے کے بعد علامتی طور پر نئے لارڈ میئر کو چارج سونپا۔

کونسلر محمد شفیق کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ بریڈفورڈ کے نویں کشمیری نژاد اور مسلم لارڈ میئر منتخب ہوئے۔ اس سے قبل بریڈفورڈ وہ واحد برطانوی شہر رہا ہے جہاں آٹھ پاکستانی و کشمیری نژاد لارڈ میئرز منتخب ہو چکے ہیں۔

ان میں محمد عجیب (برطانیہ کے پہلے ایشیائی لارڈ میئر)، رنگزیب چوہدری، غضنفر خالق، نویدہ اکرام، خادم حسین، عابد حسین جماعتی، ظفر علی اعوان اور شبیر حسین شامل ہیں، جنہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے شہر کی سیاست و ترقی میں گراں قدر کردار ادا کیا۔

محمد شفیق کا تعلق میرپور، آزاد کشمیر سے ہے۔ محمد شفیق 12 سال کی عمر میں آزاد کشمیر کے شہر میرپور سے برطانیہ منتقل ہوئے تھے، اس وقت وہ ایک ایسا بچہ تھا جو انگریزی کا ایک لفظ بھی نہیں جانتا تھا۔ لیکن چار دہائیوں کی محنت، خدمت اور لگن کے بعد آج وہ بریڈفورڈ جیسے بڑے شہر کے اعلیٰ ترین منصب پر فائز ہو چکے ہیں۔

حلف برداری کے موقع پر اپنے جذباتی خطاب میں محمد شفیق نے کہا:

“یہ میرے لیے بے حد فخر اور عاجزی کا لمحہ ہے۔ میری کہانی ان ہزاروں خاندانوں کی نمائندہ ہے جو امید، محنت اور یقین کے ساتھ اس ملک میں آئے۔ میں آج جس مقام پر کھڑا ہوں، وہ میرے والدین کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ کاش وہ آج زندہ ہوتے اور یہ لمحہ دیکھ سکتے۔”

انہوں نے بتایا کہ ان کی نامزد کردہ سالانہ خیراتی تنظیمیں امید ویلفئیر ٹرسٹ اور بریڈفورڈ ڈسٹرکٹ کارون مائنڈ ہوں گی۔

بریڈفورڈ کونسل کی لیڈر سوزن ہنچکلف نے محمد شفیق کو نامزد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی ہجرت کرنے والے لاکھوں افراد کی عکاس ہے۔ “انہوں نے اجنبی ماحول میں خود کو منوایا، تعلیم حاصل کی، سماجی کارکن بنے اور کمزور بچوں کی فلاح کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔ یہ بریڈفورڈ کی کامیاب اور شمولیتی سیاست کی ایک روشن مثال ہے۔”

اپوزیشن رہنماؤں نے بھی محمد شفیق کی صلاحیتوں کو سراہا۔ کنزرویٹو پارٹی کی ریبیکا پولسن نے کہا، “بطور ڈپٹی لارڈ میئر ان کی کارکردگی مثالی رہی۔” جب کہ انڈیپنڈنٹ پارٹی کے کونسلر تاج سلام نے انہیں “وارڈ کے لیے ایک شاندار کونسلر” قرار دیا۔

تقریب میں محمد شفیق نے بتایا کہ وہ کرکٹ کے بھی شوقین رہے ہیں اور ایک مرتبہ ایک اوور میں پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بریڈفورڈ نے ہمیشہ انہیں اپنایا، اور آج وہ اسی شہر کے لارڈ میئر بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ محمد شفیق 2006 میں بریڈفورڈ کونسل کے رکن منتخب ہوئے اور مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں ہاؤسنگ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ، پبلک ہیلتھ اور بچوں کی بہبود شامل ہیں۔

ان کی اہلیہ ناہید اختر اس سال لارڈ میئرنیس کے فرائض انجام دیں گی۔

نو منتخب ڈپٹی لارڈ میئر فوزیہ شاہین خواتین کی فلاح و بہبود اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے میدان میں سرگرم عمل رہی ہیں۔ ان کی تقرری کو خواتین کی نمائندگی کے تناظر میں ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ڈپٹی لارڈ مئیر کونسلر فوزیہ شاہین کا کہنا تھا کہ میں خواتین، نوجوانوں اور محروم طبقات کی آواز بننے کی کوشش کروں گی۔ بریڈفورڈ کے ہر شہری کے لیے یہ میئر ہاؤس کھلا ہے۔”

تقریب میں سابق چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر سردار اعظم خان، قونصل جنرل پاکستان زاہد احمد جتوئی، ستارہ امتیاز یافتہ راجہ نجابت حسین، سابق لارڈ میئرز نویدہ اکرام، غضنفر خالق،ایڈیٹر کشمیر ایکسپریس شمیم اشرف، سیاسی و سماجی شخصیات جیسے راجہ غلام حیدر، سابق وزیر حکومت آزاد کشمیر راجہ شوکت خالق، عبدالمالک، راجہ طاہر،کونسلرز، صبیحہ خان، فلک ناز ، نصرت، کامران حسین، شکیلہ لال ،خالد خالق،فضل الرحمن و دیگر نے شرکت کی۔

کمیونٹی رہنماؤں نے نو منتخب قیادت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ محمد شفیق اور فوزیہ شاہین دیانت داری سے فرائض انجام دیں گے اور بریڈفورڈ کو اتحاد، ترقی اور ہم آہنگی کی راہ پر آگے بڑھائیں گے۔

بریڈفورڈ میں مسلم کونسلرز کی تعداد ان کی آبادی سے بھی زیادہ ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مقامی سیاست میں برٹش پاکستانیوں کا کردار محض نمائندگی تک محدود نہیں، بلکہ وہ فیصلہ سازی کے اہم مراکز تک رسائی حاصل کر چکے ہیں۔.

بریڈفورڈفوزیہ ڈپٹی لارڈمیئر منتخبکونسلرمحمد شفیق لارڈمیئر
Comments (0)
Add Comment