قائداعظم گیمز میں پاکستان سپورٹس بورڈ کی 8 کروڑ 12 لاکھ روپے کی بچت
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے سات سال بعد منعقد ہونے والے قائداعظم انٹرصوبائی گیمز کے دوران 8 کروڑ 12 لاکھ روپے کی بچت کی ہے۔
پی ایس بی کے ترجمان کے مطابق، ایونٹ کے لیے مجموعی طور پر 31 کروڑ 17 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے، جن میں سے 21 کروڑ 87 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ یہ بچت مکمل طور پر شفاف خریداری کے عمل کی بدولت ممکن ہوئی۔ پی ایس بی کی تاریخ میں پہلی بار تمام ٹینڈرز پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) اور پی ایس بی کی ویب سائٹس پر اپلوڈ کیے گئے اور تمام عمل ای پاکستان پروکیورمنٹ (ePP) پورٹل کے ذریعے مکمل طور پر الیکٹرانک انداز میں کیا گیا۔ اس سخت ضابطے کے نتیجے میں بڈز کھلیں ، یہ عمل مکمل منصفانہ اور شکایات سے پاک رہا۔
ملک بھر سے ٹیموں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے پی ایس بی نے صوبائی سپورٹس بورڈز اور محکموں کو مجموعی طور پر 4 کروڑ 19 لاکھ روپے فراہم کیے۔ ان میں پنجاب کو 56 لاکھ 60 ہزار روپے، سندھ کو 87 لاکھ 70 ہزار، خیبرپختونخوا کو 50 لاکھ 20 ہزار، بلوچستان کو 79 لاکھ 20 ہزار، گلگت بلتستان کو 73 لاکھ 50 ہزار، آزاد جموں و کشمیر کو 37 لاکھ 90 ہزار، اور اسلام آباد کو 35 لاکھ 40 ہزار روپے دیے گئے۔
اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں ایونٹ کے انعقاد کے لیے 16 کروڑ 5 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔ ان اخراجات میں 2,725 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے قیام، طعام، مقامی اور بین الاضلاعی سفر، لاجسٹکس اور نقد انعامات شامل تھے۔ اس کے علاوہ 1 کروڑ 63 لاکھ روپے کی رقم مختلف کھیلوں کے آلات اور اسپورٹس گئیر کی خریداری پر خرچ کی گئی، جو چھ روزہ مقابلوں کے لیے ضروری تھیں۔
پی ایس بی نے ایونٹ اور 26 فیصد بجٹ بچانے کا سہرا شفاف ای-ٹینڈرنگ اور سخت مالی نظم و ضبط کو دیا ہے۔